
غزہ کی پٹی کے شہری دفاع کے محکمے نے 25 اگست کو بتایا کہ جنوبی غزہ کی پٹی میں خان یونس کے علاقے میں واقع ناصر ہسپتال پر اسرائیلی فضائی حملے میں 5 صحافیوں سمیت کم از کم 20 افراد جاں بحق ہوئے ہیں اور ایک بڑی تعداد زخمی ہونے والوں کی بھی ہے ۔
اسرائیل کی دفاعی افواج نے 25 اگست کو اپنے ایک بیان میں اعتراف کیا کہ اس نے اس روز ناصر ہسپتال پر حملہ کیا ہے ۔ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعے کی مکمل تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
ناصر ہسپتال پر حملے کے بعد اقوام متحدہ اور متعدد حکومتوں نے طبی مرکز پر اسرائیلی حملے اور اس کے نتیجے میں صحافیوں کی ہلاکت کی مذمت کی ہے ۔
مقامی وقت کے مطابق 25 اگست کو ، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے ایک بیان میں ناصر ہسپتال پر اسرائیلی فضائی حملے کی شدید مذمت کی۔انہوں نے خاص طور پر جاں بحق ہونے والے صحافیوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا، اور اس بات کا اعادہ کیا کہ طبی عملے اور صحافیوں سمیت شہریوں کو کسی مداخلت، دھمکی یا نقصان کے بغیر اپنے ضروری فرائض انجام دینے کے قابل ہونا چاہیے۔
اقوام متحدہ کے علاوہ کئی حکومتوں نے بھی 25 اگست کو اسرائیلی فوج کے اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہوئے بیانات جاری کیے۔ قطر کی وزارت خارجہ نے کہا کہ اسرائیلی حملہ بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے اور بین الاقوامی برادری کو شہریوں کے تحفظ کے لیے فوری کارروائی کرنے اور مجرموں کو جوابدہ ٹھہرانے کی ضرورت ہے۔ مصر کی وزارت خارجہ نے کہا کہ یہ حملہ اسرائیل کی جانب سے بین الاقوامی انسانی قانون کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی ایک اور مثال ہے اور سلامتی کونسل اور عالمی برادری کو اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے مؤثر مداخلت کرنی چاہیے۔اس کے علاوہ جرمنی، اردن ،ایران اور ترکیہ سمیت دیگر ممالک نے بھی غزہ کی پٹی میں شہریوں پر اسرائیلی فوج کے حملوں پر مذمتی بیانات جاری کیے۔





