
اسلام آباد (آئی پی ایس )پارلیمنٹ لاجز میں جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کی تنظیم انصار الاسلام کی موجودگی پر اسلام آباد پولیس بھی حرکت میں آگئی۔
تفصیلات کے مطابق حکومت مخالف اپوزیشن جماعتوں کی تحریک عدم اعتماد پر پیش رفت جاری ہے اور اسی سلسلہ میں جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی ف) کی ذیلی تنظیم انصار الاسلام پارلیمنٹ لاجز کے باہر پہنچی جہاں پر اپوزیشن کے ممبران کو بھرپور سکیورٹی دینے کا فیصلہ کیا گیا۔
انصار الاسلام کے رضا کاروں نے پارلیمنٹ لاجز کے باہر مختصر ریہرسل بھی کی۔ بعدازاں انصار الاسلام کے رضا کاروں نے پارلیمنٹ لاجز کے اندر کیمپ قائم کردیا ہے جو کہ عدم اعتماد کی کامیابی تک لاجز میں رہیں گے۔
انصار الاسلام کے سربراہ انجنئیر عبدالزاق عابد لاکھو نے کہا کہ ہم پوری اپوزیشن کے ممبران کو سکیورٹی فراہم کریں گے، ایسے موقع پر ممبران کو اغوا کیا جاتا ہے۔
دوسری طرف انصارالاسلام فورس کے پارلیمنٹ لاجز میں داخل ہونے کے معاملے پر آئی جی اسلام آباد احسن یونس نے نوٹس لے لیا اور ڈی چوک پر قائم ناکہ انچارج، پارلیمنٹ لاجز کے انسپکٹر انچارج، لائن افسر معطل کر دیئے گئے۔
ترجمان کے مطابق افسران اور اہلکاروں کو ڈیوٹی میں غفلت برتنے پر معطل کیا گیا، ایس ایس پی آپریشنزمعاملے کی انکوائری کریں گے، پولیس ایم این اے صلاح الدین ایوبی کے لاج میں داخل ہو گئے۔ جہاں جے یو آئی کے رکن قومی اسمبلی صلاح الدین ایوبی سے بات چیت ہوئی۔
اُدھر پارلیمنٹ لاجز میں پولیس اور اراکین اسمبلی آمنے سامنے ہوئے اس دوران تلخ کلامی بھی ہوئی جبکہ پیپلزپارٹی کے رکن اسمبلی آغا رفیع اللہ اور اہلکاروں میں ہاتھا پائی ہوئی۔