
نرسز کے عالمی دن کے حوالے سے معروف انٹرنیشل ہسپتال میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب میں قومی ادارہ صحت کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر میجر جنرل عامر اکرام اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن مہمان خصوصی تھے۔تقریب میں پرنسپل رفا کالج آف نرسنگ حمیرا وحید، کوارڈینیٹر ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن اور ڈبلیو ایچ او کی ڈاکٹر آمنہ امجد سمیت پاکستان نرسنگ کونسل، پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز اور شفا کالج آف نرسنگ کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایگزیکٹو ڈائریکٹر این آئی ایچ میجر جنرل عامر اکرام نے کہا کہ ہم دل کی گہرائیوں سے تمام نرسوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے کورونا وائرس وبا کے دوران فرنٹ لائن ہر اپنی خدمات سر انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ مسکراہٹ نرسنگ کے پیشے کی خاص خصوصیت جو بدقسمتی سے ختم ہوتی جا رہی ہے۔ ایک نرس کی مسکراہٹ حیرت انگیز کام کر سکتی ہے کیونکہ یہ اعتماد پیدا کرتی ہے اور باہمی تعلقات قائم کرتی ہے۔ یہ ایسی چیز ہے جو نہ سیکھی جاتی ہے اور نہ سکھائی جاتی ہے بلکہ یہ پیدائشی ہے۔ انہوں نے نرسوں پر زور دیا کہ وہ مسکراہٹ کے ساتھ مثبت رویہ اختیار کریں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی سی اسلام آباد عرفان نواز میمن نے کہا کہ ہمیں ان لوگوں کی کوششوں اور قربانیوں کو تسلیم کرنا چاہیے جو اپنے مریضوں کی دیکھ بھال کے لیے محنت کرتے ہیں۔نرسوں کی وجہ سے ہم ایک خوش اور صحت مند دنیا میں رہتے ہیں، نرس حقیقی ہیرو ہیں، وہ ہمارے ہیلتھ کیئر سسٹم کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔اس موقع پر ہسپتال کے سی ای او چوہدری ہارون نصیر نے کہا کورونا وائرس کے دوران نرسز کی کمی کو شدت سے محسوس کیا گیا ۔پاکستان میں وبائی مرض سے پہلے ہی 1.3 ملین نرسوں کی کمی تھی۔ انہوں نے کہا کہ نرسوں کے عالمی دن پرحکومت سے اپیل کرتا ہوں کہ نجی شعبے کے ساتھ مل کر کام کیا جائے تاکہ نرسز کی کمی سمیت دیگر مسائل کو حل کیا جا سکے۔ نرسز کو مناسب آلات، بہتر کام کے حالات، مناسب تعلیم، اعلی مہارت کے مواقع اوربہتر ملازمت کے مواقع پیدا کرنی کہ ضرورت ہو گی۔معروف انٹرنیشنل ہسپتال کی نرسنگ کی چیف زہرہ حبیب نے کہا ہے کہ معروف انٹرنیشنل ہسپتال نے معروف سکول آف نرسنگ کے قیام پر بھی کام شروع کر دیا ہے۔اس پروگرام کا مقصد عالمی معیار کی نرسز تیار کرنا ہے تاکہ ملک میں نرسز کی کمی کو ختم کیا جا سکے اور بہتر علاج کی سہولت فراہم کی جا سکے۔تقریب کے اختتام پر معروف انٹرنیشنل ہسپتال کی نرسز میں اسناد تقسیم کی گئیں۔