تجارت

آئندہ بجٹ کی تیاری، حکومت بزنس کمیونٹی سے مشاورت کا آغاز کرے، احسن بختاوری

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ آئندہ بجٹ کے حوالے سے بزنس کمیونٹی کے ساتھ فوری طور پر مشاورت کے عمل کا آغاز کرے تا کہ بجٹ کو کاروبار دوست اور پالیسیوں کو قابل عمل بنایا جا سکے۔تاجر پاکستان کی معیشت کے سب سے بڑے سٹیک ہولڈر ہیں،پالیسوں پر بہتر انداز میں عمل درآمد کیلئے مشاورتی عمل میں شمولیت ناگزیر ہے۔

ہفتہ کو جاری ایک بیان میں احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ مہنگائی کی موجودہ بلند شرح کی وجہ سے تجارتی خسارہ بڑھ رہا ہے اور تاجر برادری کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔ لہٰذا حالات کا تقاضا ہے کہ حکومت تاجر رہنماؤں کے ساتھ بات چیت کا آغاز کرے، ان کے مسائل کو کم کرنے کے لیے ان کی تجاویز کو بجٹ دستاویز میں شامل کرے جس کے نتیجے میں عوام کو فائدہ پہنچے گا۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ موجودہ حکومت اپنے انتخابی منشور کے مطابق اس مسئلے پر ترجیحی بنیادوں پر توجہ دے گی اور تاجر برادری اور عام آدمی کے بہترین مفاد میں طویل المدتی پالیسیاں مرتب کرے گی۔
صدر آئی سی سی آئی نے مزید کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف ایک دور اندیش رہنما ہیں اور وہ تاجروں اور عوام کی مشکلات سے بخوبی واقف ہیں، اس لیے وہ اپنی اقتصادی ٹیم کو یقیناً اس اہم مقصد کے حصول کے لیے تاجر رہنماؤں سے مشاورت شروع کرنے کی ہدایت کریں گے۔ پاکستان کی برآمدات میں اضافے،تجارتی خسارے میں کمی اور ٹیکس نیٹ میں اضافے کے حوالے سے بزنس کمیونٹی کے پاس قابل عمل تجاویز موجود ہیں،حکومت کی معاشی ٹیم اس سے فائدہ اٹھائے۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker