
راولپنڈی (آئی پی ایس)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ اگر سپریم کورٹ نے آرٹیکل 190 کا استعمال کیا تو پھر جھاڑو پھر جائے گا، ناک کی سیدھ میں گھر جانا ہوگا، پارلیمنٹ سپریم کورٹ کے تابع ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر سابق وزیر خزانہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ آئین سےبغاوت کرے گی تو اس کا اپنا وجود کہاں جائے گا۔ پارلیمنٹ بھی آئین کے تابع ہے۔ عدلیہ کی خودمختاری کو آئینی تحفظ حاصل ہے اگر سپریم کورٹ نے آرٹیکل 190کا استعمال کیا تو پھر جھاڑو پھر جائے گا اور نیب منی لانڈرنگ، کرپشن اور توہین عدالت سمیت سب کیس کھل جائیں گے اور ناک کی سیدھ میں گھر جانا ہو گا، رہے گا نام اللہ کا۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے 2 ارب ڈالر اور یو اے ای کا 1ارب فائنل نہیں ہے، جس کا مطلب واضح ہے کہ آئی ایم ایف کی سٹاف لیول میٹنگ اپریل میں بھی نہیں ہو گی۔ ان کو اپنی دولت عزیز ہے، اس لیے ڈالر 500 کا دیکھنا چاہتے ہیں۔ انہیں فکر نہیں غریب آٹےکی لائنوں میں روزمر رہا ہے۔ ایمرجنسی یا مارشل لاء ان کا ڈراؤنا خواب ہے، عوام کسی سےخوف زدہ نہیں۔





