
اسلام آباد(آئی پی ایس)پاکستان پیپلزپارٹی نے سابق صدر آصف علی زرداری پر سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے ’قتل کے منصوبے‘ کے الزام کی شدید مذمت کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین کو قانونی نوٹس بھیجنے کا اعلان کردیا۔پیپلزپارٹی کے رہنماؤں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کی جس میں پیپلزپارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ، نیئر بخاری اور فرحت اللہ بابر بھی موجود تھے۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ عمران خان جب بھی مشکل اور ذہنی دباؤ کا شکار ہوتے ہیں اپنی ناکامیوں کو اپنے مخالفوں پر ڈال کر وہ سنسنی خیزی پھیلاتے ہیں اور اداروں کر حملے کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی سیاست کی پوری تاریخ الزام تراشی پر گردش کرتی ہے، اس سے قبل بھی انہوں نے اپنے خلاف عالمی سازشوں کا پلندہ چھیڑا تھا۔پیپلزپارٹی کے رہنما نے کہا کہ جب ادارے عمر ان خان کے ساتھ ہوتے ہیں تو وہ ایک پیچ پر ہوتے ہیں لیکن جب ادارے ’نیوٹرل‘ ہونے کا فیصلہ کرتے ہیں تو عمران خان اداروں کو ’گالیاں‘ دینا شروع ہوجاتے ہیں۔قمر زمان کائرہ نے مزید کہا کہ مخالفوں کو جیلوں میں ڈالنا، الزام تراشی کرنا، سنسی خیزی پھیلانا عمراں خان کی سیاست کا وطیرہ ہے، ان کی سیاست جمہوری نہیں بلکہ فاشزم پر مبنی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کا حالیہ الزام انتہائی گھناؤنا ہے، پیپلزپارٹی ان الزامات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے،
میڈیا اور عوام کو عمران خان سے مطالبہ کرنا چاہیے کہ وہ ثبوت سامنے لائیں۔قمر زمان کائرہ نے سپریم کورٹ سے مطالبہ کیا کہ عدلیہ پی ٹی آئی چیئرمین کے الزامات کی تحقیقات کرے، اگر ان الزامات میں کوئی شخص ملوث ہے تو سخت سزا دینی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان ثبوت پیش کرنے میں ناکام ہوتے ہیں تو ان کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔انہوں نے غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان جب چاہیں الزام تراشی ، لوگوں کی عزت اچھالتے ہیں اور ان کی زندگیوں کو نفرت کا شکار کرتے ہیں، ان کے بیان سے انتہائی تکلیف پہنچی ہے۔اسی دوران پیپلزپارٹی کے رہنما نیئر بخاری نے کہا کہ سابق وزیراعظم عمران خان کے الزامات کی کوئی حقیقت نہیں ہے،
پیپلزپارٹی کی قانونی ٹیم عمراں خان کو نوٹس جاری کریں گے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنے بیان کو واپس لیں اگر انہوں نےایسا نہ کیا تو پیپلزپارٹی عدالتوں میں جائے گی۔پیپلزپارٹی کے رہنما فرحت اللہ بابر نے عمران خان کے الزامات کو دہراتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو سوچنا چاہیے کہ کیا ان کے دشمن انہیں قتل کرنے کے لیے کیا عسکریت پسند کو ہائیر کریں گے؟انہوں نے الزام لگایا کہ عمران خان خود ’طالبان خان‘ ہے، جو خود عسکریت پسندوں کا سرپرست ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان بوکھلاہٹ کا شکار ہیں، اقتدار کھونے کے بعد ان کا دماغ کام کرنے سے قاصر ہے، اس میں پیپلزپارٹی اور آصف زرداری کا کوئی قصور نہیں، ایسے الزمات لگا کر عمران خان خود اپنا مزاق بنا رہے ہیں۔
خیال رہے کہ عمران خان نے الزام عائد کیا تھا کہ سابق صدر آصف زرداری نے مجھے قتل کرانے کے لیے ایک دہشت گرد تنظیم پر پیسہ لگایا ہوا ہے جس میں طاقت ور ایجنسی کے لوگ سہولت کار شامل ہیں۔انہوں نے زمان پارک میں ویڈیو لنک سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ جب پہلی بار ہماری حکومت ہٹائی گئی تو معلوم ہوا کہ مجھے قتل کرنے کی سازش کی گئی ہے جس کے بعد میں نے ان 4 لوگوں کے نام بتا کر ویڈیو بنا دی اور کہا کہ اگر قتل کیا گیا تو اس میں وہ 4 لوگ ملوث ہوں گے مگر وہ اپنے منصوبے سے پیچھے ہٹ گئے۔