
کراچی(آئی پی ایس)سندھ ہائیکورٹ کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سینیٹراعظم سواتی کیخلاف سندھ میں درج تمام مقدمات خارج کرنے کے حکم کے بعد پولیس نے پی ٹی آئی رہنما کے خلاف درج مقدمات خارج کر دیئے ہیں ۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کیخلاف لاڑکانہ، قمبر شہداد کوٹ، شکار پور اور کشمور میں درج مقدمات ختم کر دیئے گئے ہی، وکیل نے رپورٹس عدالت میں جمع کرا دی ہیں، رپورٹ کے مطابق اعظم سواتی کو اسلام آباد پولیس کے حوالے کئے جانے کا امکان ہے ۔
دوسری طرف اعظم سواتی پر درج مقدمات کے خاتمے کیلئے ہائیکورٹ سکھر بینچ میں بھی درخواست دائر کر دی گئی ہے،سابق وفاقی وزیر اعظم سواتی کے بیٹے عثمان سواتی نے سندھ ہائیکورٹ سکھر بینچ میں درخواست دائر کی ہے ، جس میں انہوں نے والد کی گرفتاری اور ان پر درج مقدمات کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی ہے، اعظم سواتی کے بیٹے کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت آج ہوگی۔





