اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

پاکستان قازقستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے ،صادق سنجرانی

اسلام آباد(آئی پی ایس)چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پاکستان قازقستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ، نو منتخب صدر قازقستان کی رہنمائی میں قازقستان ترقی اور خوشحالی کی نئی بلندیوں کو چھوئے گا اور پاک-قازقستان دوستی مزید مضبوط ہوگی۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے قازقستان کی مجلسِ پارلیمان کے چیئرمین کوشانوف یرلان زاکانووچ اور انکے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے منگل کو پارلیمنٹ ہائوس میں ان سے ملاقات کی۔

 

ملاقات میں چیئرمین سینیٹ نے وفد کو قازقستان کے یوم آزادی پر پیشگی مبارکباد پیش کی۔انہوں نے دونوںممالک کے درمیان اس سال فروری میں سفارتی تعلقات کے قیام کے 30 سال مکمل ہونے پر مبارک باد بھی پیش کی۔ اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے کہاکہ پاکستان قازقستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ قاسم جومارت توکائیو کی قیادت پر اعتماد کرنے اور انہیں صدر منتخب کرنے پر قازق عوام اور پارلیمان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ نو منتخب صدر قازقستان کی رہنمائی میں قازقستان ترقی اور خوشحالی کی نئی بلندیوں کو چھوئے گا اور پاک-قازقستان دوستی مزید مضبوط ہوگی۔چیئرمین سینیٹ نے کہاکہ پاکستان کے سیلاب سے متاثرہ لوگوں کے لیے فراخدلانہ امداد کے لیے قازقستان کی حکومت کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ “وژن سنٹرل ایشیا” پالیسی کے ذریعے وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ پائیدار اور نتیجہ خیز روابط قائم کرنے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کراچی اور گوادر بندرگاہوں کے ذریعے وسطی ایشیائی ریاستوں کو رسائی کی فراہمی اس وژن کا ایک اہم عنصر ہے۔ قازقستان کی پارلیمنٹ کے وفد کا استقبال کرتے ہوئے خوشی محسوس کر رہا ہوں۔

 

انہوں نے کہاکہ امید ہے کہ یہ دورہ برادر ممالک کے درمیان مفاہمت اور تعاون کو مضبوط بنائے گا ۔پارلیمان عوامی رائے کا مظہر ہے اور اراکین پارلیمنٹ کے درمیان باہمی تبادلے لوگوں کو قریب لانے کا بہترین ذریعہ ہیں۔ ادارہ برائے پارلیمانی خدمات، پارلیمنٹرینز کے لیےتحقیق اور استعداد کار بڑھانے کا اپنی نوعیت کا منفرد ادارہ ہے۔ انسٹیٹیوٹ پارلیمانی تجربات اور علم کو بانٹنے کے لیے ایک بہترین فورم فراہم کر سکتا ہے۔ دونوں ممالک کی صلاحیت کو دیکھتے ہوئے، دوطرفہ تجارت کو فروغ دینے کے لیے نئی راہیں تلاش کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ ہمیں اپنی تجارت میں تنوع لانے کی ضرورت ہے۔ توانائی، زراعت، آئی ٹی، ٹیکسٹائل، توانائی اور لاجسٹکس اور ہاؤسنگ اور تعمیرات کے شعبوں میں مشترکہ منصوبے شروع کیے جا سکتے ہیں۔سرمایہ کاری کے لئے پاکستان میں وسیع مواقع موجود ہیں ۔ قازقستان کے سرمایہ کار پاکستان آئیں ، سرمایہ کاری کریں اور منصوبوں میں اشتراک کریں ، ہم خوش آمدید کہیں گے ۔

 

چیئرمین سینیٹ نے کہاکہ کاروباری ، تاجر طبقے کو قریب لانے کی ضرورت ہے۔ دونوں ممالک کے دفاعی سطح پر بہترین روابط ہیں۔ تعلیمی اور عوام کے درمیان رابطوں کو بڑھانے کے لیے آزادانہ ویزا پالیسی ویزا پالیسی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ سیاحت، ثقافت اور کھیلوں کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ قازق طلباء کو پاکستان کے معروف تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کرنے کی دعوت دیتا ہوں۔ دونوں ممالک کے درمیان جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کےلیے تعلیمی تعاون کو مضبوط کرنے کی بہت گنجائش ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے وفد کو ایوان بالا کے اغراض و مقاصد ، کمیٹیوں کے نظام اور قانون سازی میں کردار کے بارے بھی بتایا۔ اس موقع پر قازقستان کے وفد کے رہنما شانوف یرلان زاکانووچ نے کہاکہ پاکستان خطے کا اہم ملک ہے۔ دوطرفہ تعاون سے رابطوں میں مزید جدت آئے گی۔ پاکستان کا دودہ کرکے خوشی ہوئی ،مہمان نوازی مثالی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker