اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

بھارت پاکستان میں ریاستی دہشت گردی میں ملوث ہے،دفتر خارجہ

اسلام آباد(آئی پی ایس)پاکستان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان میں ریاستی دہشت گردی میں ملوث ہے، عالمی برادری کو معاملے کا نوٹس لینا چاہیے۔ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری بالی جمہوریت کانفرنس میں شرکت کے لیے انڈونیشیا کے دورے پر ہیں۔ پاکستان اور انڈونیشیا کے وزرائے خارجہ نے ملاقات کی ہے۔ دونوں ممالک کے مختلف شعبوں میں تعاون جاری ہے ۔

 

وزیر خارجہ نے بالی میں بوسنیائی ہم منصب ڈاکٹر بسیرا سے بھی ملاقات کی جب کہ وزیر خارجہ آج سنگاپور کے دورے پر روانہ ہوں گے۔بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ او آئی سی کے سیکرٹری جنرل 11اور 12 دسمبر کو پاکستان کا 2 روزہ دورہ کریں گے، اس دوران وہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات اور آزاد کشمیر کا دورہ بھی کریں گے۔ علاوہ ازیں افغانستان میں پاکستانی ناظم الامور عبید نظامانی نے کابل میں پاکستانی سفارتخانہ حملے میں زخمی ہونے والے سپاہی کی عیادت کی ہے۔ عبیداللہ نظامانی کو پاکستان بلایا گیا ہے۔ امید ہے افغان عبوری حکومت سفارت خانے کو سکیورٹی فراہم کرے گی۔ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا نام مذہبی آزادیوں کی فہرست میں شامل کرنے کے امریکی فیصلے پر مایوسی ہوئی جب کہ بھارت کو فہرست میں شامل نہ کرکے امتیازی سلوک کا مظاہرہ کیا گیا ہے۔ امریکی کمیشن کی سفارش کے باوجود بھارت کو فہرست میں شامل نہیں کیاگیا۔ بابری مسجد کی شہادت کو 30 سال مکمل ہوگئے ۔

 

دفتر خارجہ کی ترجمان نے مزید کہا کہ بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو بھارتی ویزے جاری نہ کرنا مایوس کن ہے۔ پاکستان نے بھارتی فیصلے پر مایوسی اور ناراضی کا اظہار کیا ہے۔ پاکستان نے طویل عرصے تک دہشت گردی کا سامنا کیا۔ پاکستان میں دہشت گردوں کی کوئی محفوظ پناہ گاہیں نہیں ہیں۔ پاکستان میں بھارت ریاستی دہشت گردی میں ملوث ہے۔ عالمی برادری اس معاملے کا نوٹس لے۔ پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث قوتوں کے خلاف کاروائی ہونی چاہیے۔دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نےبتایا کہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکرٹری جنرل حسین براہیم طحہ 11 اور 12 دسمبر کو پاکستان کا دورہ کریں گے۔

 

گزشتہ سال نومبر میں او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کا عہدہ سنبھالنے کے بعد ان کا پاکستان کا یہ پہلا باقاعدہ دورہ ہوگا، اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل وزیراعظم سے ملاقات کریں گے اور وزیر خارجہ سے وفود کی سطح پر بات چیت کریں گے، حسین براہیم طحہ آزاد جموں و کشمیر کا بھی دورہ کریں گے۔ترجمان نے کہا کہ دورے کے دوران او آئی سی کے ایجنڈے پر موجود تنازعہ جموں و کشمیر، اسلامو فوبیا اور افغانستان میں انسانی صورتحال سمیت دیگر امور زیر بحث آئیں گے۔ان کے دورہ سے او آئی سی کے رکن ممالک کے درمیان اقتصادی، سماجی اور تکنیکی تعاون پر تبادلہ خیال کا موقع بھی میسر آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان او آئی سی کے بانی رکن اور وزرائے خارجہ کونسل کے موجودہ سربراہ کی حیثیت سے اسلامی یکجہتی، اتحاد اور مکالمے کو فروغ دیتا رہے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker