
اسلام آباد(آئی پی ایس)متنازع ٹوئٹس کے الزام میں گرفتارسینیٹر اعظم سواتی کیخلاف درج مقدمات کی تفصیلات طلب کرنے سے متعلق کیس کی سماعت جمعہ تک ملتوی کردی گئی،اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈپٹی اٹارنی جنرل کو سیکرٹری داخلہ سے ہدایات لینے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹر اعظم سواتی کی متنازعہ بیانات پر درج مقدمات کی تفصیلات کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست پر سماعت ہوئی،اعظم سواتی کی جانب سے درخواست میں موقف اختیار کیاگیاہے کہ جسمانی ریمانڈ پر بھیجنے کے بعد مقدمات کا اندراج کا پتہ چلا ،سندھ ، بلوچستان میں متعدد مقدمات درج کئے گئے، اصل تعداد معلوم نہیں ،قانونی حق کے استعمال کیلئے مقدمات کی تفصیل ملنا ضروری ہے۔