
راولپنڈی(آئی پی ایس)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ کورونا یا ڈرونا کا فیصلہ 72 گھنٹوں میں ہوجائے گا، جو بھی نیا آرمی چیف آئے گا وہ سیاسی گند اپنے کندھوں پر نہیں اٹھائے گا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ بیان میں شیخ رشید نے کہا کہ نواز شریف کیر ٹیکر کا دورانیہ بڑھوانا چاہتا ہے اور من پسند کی تعیناتی بھی چاہتا ہے، ایک ٹکٹ میں 2 مزے نہیں مل سکتے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کو کسی کی تعیناتی پر اعتراض نہیں، جو بھی نیا آرمی چیف آئے گا وہ سیاسی گند اپنے کندھوں پر نہیں اٹھائے گا اور ملک کو الیکشن کی طرف لے کر جائے گا۔
سابق وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم کا سیاسی جنازہ نکل چکا ہے جس کی سیاسی چیخیں بلاول کی پریس کانفرنس میں واضح ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ملک کا وزیر خارجہ بلاول اپنے ملک کے صدر کو دھمکیاں دے رہا ہے، مانگے تانگے کی حکومت کا یہی نتیجہ ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ 5 روز سیاست میں فیصلہ کن ہیں، کورونا یا ڈرونا کا فیصلہ بھی 72 گھنٹوں میں ہو جائے گا۔شیخ رشید نے مزید کہا کہ 26 نومبر کو عمران خان کا راولپنڈی میں تاریخی استقبال کریں گے۔