
اسلام آباد(آئی پی ایس)مرکزی سیکرٹری جنرل تحریک انصاف اسد عمر کی جانب سے ایک مرتبہ پھر کسانوں کو ان کا حق دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ ٹوئٹ پیغام میں مرکزی سیکرٹری جنرل تحریک انصاف اسد عمر نے لکھا کہ ملک کے کسان سڑکوں پر احتجاج کر رہے ہیں،
حکومت کان نہیں دھر رہی۔جاری کردہ ٹوئٹ میں اسد عمر لکھتے ہیں کہ کوئی معاشرے کا طبقہ امپورٹڈ حکومت کی ظالمانہ پالیسیوں سے بچا ہے؟انہوں نے مزید کہا کہ کسانوں کو ان کا حق دو۔واضح رہے کہ مہنگی بجلی و کھاد کے خلاف کسانوں کا احتجاجی دھرنا دوسرے بھی جاری ہے۔کسان اتحاد کی احتجاجی ریلی کو آگے بڑھاتے ہوئے کسانوں نے ڈی چوک پر جانے کا اعلان کیا ہے تاہم پولیس نے کسانوں کو ڈی چوک جانے سے روک دیا ہے۔پولیس کی جانب سے کسانوں کو روکنے پر کسان اتحاد کی شدید نعرے بازی جاری ہے تاہم شہریوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے
۔اس حوالے سے چیئرمین کسان اتحاد کا کہنا ہے کہ ہم انتظامیہ کے ساتھ ٹکراو نہیں چاہتے اور چاہتے ہیں معاملہ بات چیت سے حل ہو لیکن کسانوں کی بات نہیں سنی جارہی ہے۔دوسری جانب ڈی چوک جانے کی صورت میں وفاقی پولیس کی جانب سے کسانوں کیخلاف طاقت کے استعمال کا فیصلہ کیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ پیش قدمی کی صورت میں انتظامیہ ہر صورت مظاہرین کو منتشر کرے گی۔





