دبئی (آئی پی ایس )پاکستان ٹیم نے ہانگ کانگ کے خلاف 155 رنز کی بڑی جیت کے بعد ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
جمعہ کو شارجہ میں ہونے والے میچ میں ہانگ کانگ کی ٹیم پاکستانی بولرز کے سامنے صرف 38 رنز ہی بنا سکی۔ایشیا کپ کے سپر فور کے مرحلے میں رسائی کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کا پہلا میچ (آج)اتوار کو دبئی میں روایتی حریف بھارت سے ہو گا۔اس سے قبل کھیلے گئے میچ میں بھارت نے پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دی تھی۔پاکستان اور بھارت کا اس ایشیا کپ میں دوسری مرتبہ آمنا سامنا ہو گا اور اگر دونوں ٹیمیں فائنل میں پہنچ جاتی ہیں تو یہ ٹورنامنٹ میں ان دونوں کا تیسرا میچ ہو گا۔بھارت کو ایشیا کپ کے بقیہ میچز میں انجرڈ آل راںڈر رویندرا جڈیجہ کی خدمات حاصل نہیں ہو گی۔
ان کی جگہ اکشر پٹیل کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔پاکستان کا سپر فور مرحلے میں بھارت کے خلاف میچ کے بعد اگلا مقابلہ سات ستمبر کو افغانستان سے ہو گا۔ جبکہ آخری میچ 9ستمبر کو سری لنکا سے ہو گا۔دوسری جانب انڈیا سپر فور مرحلے میں بھارت کا پہلا میچ آج پاکستان سے ہو گا، جبکہ 6 اور 8 ستمبر کو بالترتیب سری لنکا اور افغانستان سے مقابلہ ہو گا۔پاکستان اور انڈیا کے میچ کے بارے میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر صارفین میں ابھی سے جوش و خروش پایا جا رہا ہے۔





