
نیو یارک (آئی پی ایس )پورٹ آف اتھارٹی نیویارک,نیو جرسی کے زیر انتظام چلنے والے نیویارک سٹی کے تینوں مرکزی ایئرپورٹ لاگارڈیا، نیو آرک لیبرٹی ( نیو جرسی) اور جے ایف ایئرپورٹ بہت زیادہ تزئین و آرائش کے باوجود پروازوں کی منسوخی کی درجہ بندی میں امریکہ کے سب سے زیادہ پروازیں منسوخ کرنے والے ایئرپورٹس میں شمار کیے گئے ہیں.
ہوائی مسافروں کے حقوق کو فروغ دینے والی تنظیم "ایئر ہیلپ” کی ایک تجزیاتی رپورٹ جسے کرین میڈیا نے شائع کیا،کے مطابق نیویارک کے تینوں ایئرپورٹ پروازوں کی منسوخی کی ٹاپ 10 فہرست میں سب سے زیادہ تعداد میں پروازیں منسوخ کرنے والے ایئرپورٹس کی درجہ بندی میں آئے ہیں. "ایئر ہیلپ” کے مطابق رواں سال 27 مئی سے 15 جولائی کے درمیان، جسے سفر کرنے کے لحاظ سال کا مصروف ترین سیزن سمجھا جاتا ہے.اس دوران امریکہ کے 400 ایئرپورٹس پر 37,000 پروازیں منسوخ ہوئیں.
قابل ذکر بات یہ ہے کہ نیویارک کا لاگارڈیا (ایل جی اے) ایئرپورٹ، جس کو حال ہی دوبارہ نیا ائرپورٹ بنایا گیا ہے، پروازوں کی تجزیہ کردہ مدت میں اپنی طے شدہ پروازوں کے7.7 فیصد پروازیں منسوخ کرنےکی درجہ بندی میں سرفہرست آیا ہے. جبکہ نیو جرسی میں واقع نیوآرک لیبرٹی ایئرپورٹ 7.6 فیصد منسوخی کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا.
اسی طرح زیادہ پروازیں منسوخ کرنے والے دیگر ایئر پورٹس میں رونالڈ ریگن واشنگٹن نیشنل ایئرپورٹ پر 5.9 فیصد پروازیں منسوخ ہوئیں. پِٹسبرگ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پنسلوانیا پر4.1 فیصد، بوسٹن لوگن انٹرنیشنل ایئرپورٹ 4 فیصد منسوخی کے ساتھ پانچویں نمبر پر رہا. جبکہ نیویارک کا جان ایف کینیڈی(جے ایف کے) ایئرپورٹ 3.6 فیصد پروازوں کی منسوخی کے ساتھ دسویں نمبر پر شمار کیا گیا ہے.