
واشنگٹن (آئی پی ایس )امریکہ میں پاکستانی سفیر مسعود خان نے یوم آزادی پاکستان کے موقع پر پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان اور امریکہ میں آج کا دن ہمارے لیے خاص اہمیت کا حامل ہے ، ہم نے اپنی آزادی کے 75 سال پورے کر لیے ہیں
1940کی دہائی میں پاکستان محض ایک خواب تھا،کچھ لوگوں کا خیال تھا کہ یہ خواب کبھی پورا نہیں ہوگا ،لیکن ہمارے آبا واجداد نے اپنے آہنی عزم اور قربانیوں کی بدولت اس معجزے کی راہ ہموار کی،ہمارا ماننا ہے کہ پاکستان کا وجود میں آنا مشیت الٰہی تھا، ہم اس امانت اور اس نظریے کہ جس کانام پاکستان ہے کے محافظ ہیں۔ نیشن بلڈنگ ہمارے لئے آسان کام نہیں تھا، ہم نے کئی طوفانوں کا سامنا کیا اور ابھی بھی کئی چیلنجز درپیش ہیں۔ لیکن انفرادی، اجتماعی اور بطور ایک قوم ہم پراعتماد ہیں کہ ہم کامیاب ہوں گے۔ اللہ تعالی ہمارے ساتھ ہے۔ آج ہم پاک امریکہ سفارتی تعلقات کی75ویں سالگرہ بھی منا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ ہمارا دوست اور حلیف رہا ہے، گذشتہ سات دہائیوں میں ہم نے مل کر کامیابیاں حاصل کیں اور آج ہم اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ ہم امن، سیکیورٹی اور استحکام کے لئے مل کر کام کرتے رہیں گے، سب سے بڑھ کر، ہم عوامی روابط کو مزید مضبوط بنائیں گے جس سے ہر سطح پر ہمارے تعلقات فروغ پائیں گے۔