
اسلام آباد(آئی پی ایس)وفاقی وزیر برائے نیشنل ہیلتھ سروسز عبدالقادر پٹیل کی قیادت میں پاکستان کا چار رکنی وفد پہلی بار امریکا پاکستان ہیلتھ ڈائیلاگ میں شرکت کے لیے واشنگٹن پہنچ گیا ہے۔ترجمان وزارت صحت کے مطابق پاکستان اور امریکا کے درمیان 2 روزہ ہیلتھ ڈائیلاگ 25 جولائی سے شروع ہوگا
جس میں سفیر مسعود خان اور پاکستانی سفارتخانے کے دیگر حکام شامل ہوں گے۔ترجمان نے بتایا کہ دونوں فریقین صحت کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے ایک جامع ایجنڈے پر سارا دن بات چیت کریں گے۔وزارت صحت کے حکام اور پاکستان کے ماہرین بھی مختلف سیشنز میں عملی طور پر شرکت کریں گے۔اس کے علاوہ شرکاء ہیلتھ ڈائیلاگ کے سات سیشنز میں اہم امور پر تبادلہ خیال کریں گے
جن میں پاکستان سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول کا قیام، عالمی صحت کی حفاظت، بچپن کے حفاظتی ٹیکوں، کورونا کی مصروفیت، ریگولیٹری مصروفیات، ماں اور بچے کی صحت اور غیر متعدی امراض شامل ہیں۔اس موقع پر وفاقی وزیر عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ ہیلتھ ڈائیلاگ امریکا اور پاکستان کے درمیان قریبی تعلقات کی ایک مثال ہے اور دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ کے اہم سنگ میل کو منانے کا ایک موزوں طریقہ ہے۔