اسلام آباد(آئی پی ایس)وفاقی وزیر صحت نے شمالی وزیرستان سے پولیو کے 12ویں کیس کی تصدیق کردی ہے ۔ترجمان وزارت صحت کے مطابق رپورٹ ہونے والے تمام کیسز شمالی وزیرستان سے رپورٹ ہوئے ہیں ،جاری کردہ ایک بیان کے مطابق وفاقی وزیر صحت ،کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخواہ کے جنوبی و شمالی اضلاع وائرس کے لئے حساس قرار دیئے جا چکے ہیں ۔
وفاقی وزیر صحت نے کہاکہ پولیو کے خاتمے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جارھے ہیں ،پولیو کے خاتمے کیلئے مربوط اور موثر حکمت عملی ترتیب دی ھے ،وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کو روکنے کیلئے متعدد بار پولیو مہمات کا انعقاد کر چکے ہیں ،موجودہ حکومت پولیو کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھے گی ۔
عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ پروگرام زیادہ سے زیادہ بچوں کو ویکسین کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے متعدد حکمت عملی پر عمل پیرا ہے ،جس میں بڑی حد تک کامیابی حاصل ہوئی ہے ،ہمارے بچے صحت مند اور محفوظ مستقبل کے حقدار ہیں ، تمام والدین کو حالات کی نزاکت کا احساس ہونا چاہئے ، وائرس کے خاتمے کو قومی فریضہ سمجھتے ہوئے تمام پاکستانی اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ عبدالقادر پٹیل نے کہاکہ پولیو مہم کے دوران ورکرز کے لئے اپنے دروازے کھولیں اور ہر مہم میں بچوں کی ویکسینیشن کو یقینی بنائیں ،
دوسری جانب وفاقی سیکرٹری ہیلتھ محمد فخر عالم نے کہاہے کہ والدین اپنے بچوں کو ہر مہم میں پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں،پولیو کے خاتمے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لا رھے ہیں،پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے ہم اپنی کوششیں مزید تیز کر رہے ہیں ،پولیو پروگرام پولیو کے خاتمے کیلئے دن رات انتھک محنت کر رہاہے۔