
اسلام آباد(آئی پی ایس)وفاقی وزیر سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ عمران خان کا ملک تین ٹکڑوں میںتقسیم اور نیوکلیر اثاثے چھن جانے کا بیان قابل مذمت اور انتہائی خطرناک ہے،
کیا کوئی سابق وزیراعظم ملک اور اس کے اثاثوں کے لئے اس طرح کی گفتگو کرتا ہے؟عمران خان کو اپنے بیانات پر معافی مانگنی چاہئے۔عمران خان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے وفاقی وزیر شیری رحمان نے کہا کہ عمران خان اداروں اور ملک کو بلیک میل کرنے کی کوشش میں خود بے نقاب ہو گئے ہیں،
یہ ایسی ذہنی کیفیت میں مبتلا ہیں جن میں یہ خود کو درست اور ساری دنیا کو غلط سمجھتے ہیں،فوج سیاست میں مداخلت نہیں کرنا چاہتی لیکن عمران خان چاہتے ہیں کہ فوج ان کے حق میں مداخلت کرے،انہوں نے کہا کہ ان کی نظر میں پی ٹی آئی کو اقتدار میں لانا ہی فوج کا درست فیصلہ ہوگا،لانگ مارچ میں بری طرح ناکامی کے بعد اب یہ اداروں کو کہہ رہے کہ حکومت کو نکالیں،ملک کو دیوالیہ ہونے کی نہج پر کھڑا کر کے اب یہ مسیحا بننے کی کوشش کر رہے،عمران خان کی ناکام حکومت کو گھر بھیجنے کا مقصد ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانا ہے۔