
اسلام آباد(آئی پی ایس) وزیراعظم شہباز شریف نے شمالی وزیرستان میں خود کش دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے چھ افراد کی شہادت پر رنج و غم اور افسوس، متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق وزیراعظم نے میران شاہ میں خود کش دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے لانس حوالدار زبیر قادر، سپاہی عزیر اصفر اور سپاہی قاسم مقصود کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا اور ان کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خودکش دھماکے میں شہید بچوں 4 سالہ انعم، 8 سالہ احسن اور11سالہ احمد حسن کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ معصوم بچوں کے قاتل اسلام اور انسانیت دونوں کے دشمن ہیں اس سفاک وحشت اور درندگی کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے،
قاتلوں کے سرپرستوں کو سزا دے کر رہیں گے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ افواج پاکستان کی عظیم قربانیاں ہماری تاریخ کا سنہری باب ہیں، اپنے شہدا پر پوری قوم کو فخر ہے، شجاعت و شہادت ہماری افواج کی تابناک روایت ہے ہمارے شہدانے اسے برقرار رکھا ہے، وزیر اعظم نے دعا کی کہ اللہ تعالی شہدا کے درجات بلند فرمائے اورشہدا کے اہل خانہ کو صبر جمیل دے۔ آمین۔