
لندن(آئی پی ایس )وزیراعظم شہباز شریف اور ن لیگی قائد نواز شریف کی ایک اور اہم ملاقات ہوئی، ملک کی معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور بحالی کے اقدامات پر بھی مشاورت کی گئی۔
وزیراعظم شہباز شریف سابق وزیراعظم نواز شریف سے تیسری ملاقات کے لئے حسن نواز کے دفتر میں پہنچے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ دورے میں ایک دن کی توسیع مزید مشاورت کیلئے کی گئی، اگر شہباز شریف کل عدالت نہ پہنچ سکے تو ایک دن کی غیر حاضری کی درخواست دے دیں گے، ڈالر کی بڑھتی قیمت گزشتہ حکومت کی معاشی تباہی کا نتیجہ ہے، عمران خان نوجوانوں کو گمراہ کر رہا ہے۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ہم اپنے اتحادیوں سے مشورہ کریں گے اور مشاورت کے بعد فیصلہ کریں گے کہ عمران خان کو آنے دینا ہے یا نہیں؟ انہوں نے دعوی کیا کہ عمران خان 20 لاکھ بندے نہیں لا سکتے ہیں۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ میاں نواز شریف ہماری پارٹی کے سپریم ہیڈ ہیں، کل اہم امور پر مشاورت ہوئی تھی، بات چیت آج بھی جاری ہے۔