
اسلام آباد (آئی پی ایس )بینکوں کے ذریعے سرکاری حج سکیم میں درخواستیں جمع کرانے کا آخری دن مکمل ،بینکوں کے ذریعے شام 5 بجے تک 57ہزار 5 سو 93 حج درخواستیں جمع ہوئیں،بینک حکام ہفتہ کے دن حج درخواستوں کی آن لائن ڈیٹا انٹری اور جانچ پڑتال مکمل کرینگے ۔
ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق وقت کی کمی کے باعث حج درخواستوں کی وصولی میں توسیع نہیں کی گئی ،سرکاری حج سکیم کی قرعہ اندازی 15 مئی بروز اتوار ہو گی ،تمام حج درخواست گزاروں کو وزارت کی جانب سے تصدیقی میسج بھیجے جا چکے ہیں ،عازمین حج وزارت کی ویب سائٹ سے بھی اپنے کوائف کی تصدیق کر سکتے ہیں ،عازمین حج کی سہولت و رہنمائی کیلئے وزارت مذہبی امور نے حج ہیلپ لائن 0519205696 اور 0519216980 تا 82 کا اجرا کر دیا۔