
مدینہ(آئی پی ایس ) سعودی سفارت خانہ کے میڈیا ڈائریکٹر نے تصدیق کی ہے کہ مسجد نبویۖ میں پیش آئے واقعے میں چند پاکستانیوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔پاکستان میں سعودی سفارت خانہ کا مدینہ منورہ کی مسجد نبویۖ میں نعرے بازی اور حکومتی کارروائی پر ردعمل سامنے آگیا ہے۔
پاکستان میں سعودی سفارت خانے کے میڈیا ڈائریکٹر کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق چند افراد کو قوانین کی خلاف ورزی اور مقدس مقامات کی توہین کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ رات پاکستانی زائرین کے ایک گروپ نے سعودی عرب کے تین روزہ دورے کے سلسلے میں مدینہ منورہ میں مسجد نبویۖ میں موجود وزیر اعظم شہباز شریف اور ان کے ساتھیوں سے بدتمیزی کی تھی اور ان کے خلاف نعرے بازی کی تھی۔گزشتہ روز مسجد نبویۖ میں اس وقت افسوسناک مناظر دیکھنے کو ملے تھے
جب وزیر اعظم شہباز شریف اور ان کا وفد وہاں پہنچا، سوشل میڈیا پر زیر گردش ویڈیوز کے مطابق مسجد میں موجود پاکستانی زائرین نے وزیر اعظم کو دیکھتے ہی چور کے نعرے لگانا شروع کردیے۔ایک اور ویڈیو میں زائرین کو وفاقی وزرا مریم اورنگزیب اور شاہ زین بگٹی سے بدتمیزی اور انہیں گالیاں دیتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے جہاں ان دونوں وزرا کو سعودی حفاظتی گارڈز نے گھیرے میں لے رکھا تھا۔بعد ازاں نعروں کے جواب میں ایک ویڈیو پیغام میں اورنگزیب نے کہا تھا کہ یہ فعل ایک مخصوص گروپ نے کیا جبکہ زیادہ تر پاکستانی مقدس مسجد کے تقدس کا احترام کرتے ہیں، میں اس واقعے کے ذمہ دار شخص کا نام نہیں لینا چاہتی کیونکہ میں اس مقدس سرزمین کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال نہیں کرنا چاہتی۔