
لاہور(آئی پی ایس) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا مشہود نے کہاہے کہ پنجاب اسمبلی میں گزشتہ روز ہونےوالی ہنگامہ آرائی کی ویڈیو نکال لی ہے ، ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی ۔عطا اللہ تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا مشہود نے کہا کہ جو پنجاب اسمبلی میں کیا گیا وہ جمہوریت پر بد ترین دھبہ ہے ، ہم سے بلوچستان کی حکومت لی گئی ،
ہم سے سینیٹ کا الیکشن لیا گیا ہم نے تسلیم کیا ، لیکن پی ٹی آئی اور پرویز الٰہی کا اصلی چہرہ قوم نے دیکھ لیا ، آپ اپنی مرضی سے فیصلے عوام پر مسلط کرنا چاہتے ہیں، یہ نہیں چلے گا۔رانا مشہود احمد نےمزید کہا کہ پنجاب اسمبلی کے گرد خار دار تاریں لگا کر نو گو ایریا بنایا گیا ، پرویز الٰہی اپنے ذاتی غنڈے لے کر آئے ہوئے تھے ، پرویز الٰہی نے الزام لگایاکہ میں نے ان پر حملہ کیا ہے ، یہ کیسا حملہ تھا ، کیسا بازو ٹوٹا تھا جو دو منٹ میں جڑ گیا۔





