
لاہور(آئی پی ایس)گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ عمران خان نے پاکستان تحریک انصاف کے ورکرز کو الیکشن کی تیاری کی کال دے دی ہے۔گورنر عمر سرفراز چیمہ سے سابق وفاقی وزیر اور تحریک انصاف کے رہنما ہمایوں اختر خان کی ملاقات ہوئی جس میں موجودہ سیاسی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔
عمر سرفراز چیمہ نے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تمام قومی، صوبائی اسمبلی کے ممبران اپنے اپنے حلقوں میں متحرک ہوں۔ انہوں نے کہا کہ عوام عمران خان کی کال پر اپنے اپنے گلی محلوں سے نکلیں اور خود دار پاکستان کے لیے تحریک انصاف کے ساتھ کھڑے ہوں،گورنر پنجاب کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے ہمیشہ اداروں کا احترام کیا ہے، پی ٹی آئی نے ہمیشہ اداروں کی آزادی، خودمختاری اور استحکام کے لیے جدوجہد کی ہے۔
عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ دفاع وطن کے لیے پاک فوج کی بے پائیاں قربانیوں پر پوری قوم کو فخر ہے، افواج پاکستان اور قومی اداروں کے خلاف سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا کی مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ مہم میں جو بھی ملکی، غیر ملکی عناصر ملوث ہیں ان کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے، پاکستان تحریک انصاف کے کارکن اورپارٹی سے وابستہ تمام لوگ محب وطن شہری ہیں۔
گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی نے ہمیشہ اداروں اور قانون کی بالا دستی کی جنگ لڑی، تحریک انصاف کا کوئی بھی کارکن اداروں کے خلاف بات کرنے کا نہ ہی تصور اور نہ ہی ایسی کسی مہم کا حصہ بن سکتا ہے۔دوسری جانب ہمایوں اختر نے کہا کہ عوام نے عمران خان کے بیانیے کی تائید اور امپورٹڈ حکومت کو مسترد کر دیا ہے۔