
سابق وزیر اعظم عمران خان ان کے وزرا، مشیر اور معاونین کی سبکدوشی کے 4 نوٹیفکیشن جاری کردیئے گئے۔
تفصیلات کے مطابق کابینہ سیکریٹریٹ کی جانب سے سابق کابینہ کے 25 وفاقی وزرا اور 4 وزرائے مملکت کی فراغت کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے، جب کہ عمران خان کو وزارت عظمی سے ہٹانے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق عمران خان نیازی کے خلاف قومی اسمبلی سے عدم اعتماد کی قرارداد منظور ہوچکی ہے، عمران خان نیازی آرٹیکل 94 چار کے تحت وزیراعظم نہیں رہے۔ سابق وزیراعظم کے 19 معاونین خصوصی اور 4 مشیروں کو عہدوں سے ہٹانے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ چاروں نوٹیفکیشن کابینہ سیکرٹریٹ سے جاری کئے گئے ہیں۔