
اسلام آباد(آئی پی ایس )پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر شہزادہ ذوالفقار اور سیکرٹری جنرل ناصر زیدی نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے کسی کا نام لئے بغیر صحافیوں پر امریکن ایمبیسی سے رقم وصول کرنے اور پاکستان کیخلاف سازش میں ملوث ہونے کے الزامات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر تحریک انصاف کے پاس شواہد موجود ہیں کہ کسی بھی صحافی نے امریکی سفارتی عملے سے رقم لیکر عمران خان کی حکومت تبدیل کرنے کی سازش کی ہے تو ایسے صحافیوں کے نام پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی قیادت کو بتائیں ہم خود ان کیخلاف کارروائی کریں گے ،اگر عمران خان نے شواہد کے بغیر صحافیوں پر الزامات عائد کئے ہیں تو 24 گھنٹوں میں اپنے الزامات واپس لیکر صحافی برادری سے معافی مانگیں بصورت دیگر ان کیخلاف بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔
شہزادہ ذوالفقار اور ناصر زیدی نے مزید کہا کہ وہ صحافی حضرات جو وزارت خارجہ اور سفارخانوں کی بیٹ کرتے ہیں انہیں پیشہ وارانہ فرائض کی ادائیگی کیلئے مختلف ممالک کے سفارتی عملے سے رابطہ رکھنا ہوتا ہے اسی طرح دنیا کے مختلف ممالک میں تعینات پاکستانی سفیر بھی ان ممالک کے صحافیوں سے ملتے جلتے رہتے ہیں لیکن نہ تو پاکستانی سفیر کی ان ممالک کے صحافیوں کے ساتھ ملاقاتوں کا مقصد وہاں کی حکومتوں کا تختہ الٹنا ہوتا ہے اور نہ ہی پاکستان میں متعین امریکہ سمیت کسی بھی ملک کے سفیر کی پاکستانی صحافیوں کے ساتھ ملاقاتوں کا مقصد یہاں کی حکومت کیخلاف سازش کرنا ہوتا ہے
لیکن وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے کسی کا نام لئے بغیر صحافیوں پر غیر ملکی رقوم وصول کرنے کے الزامات نے تمام صحافیوں کے کردار کو مشکوک بنانے کی کوشش کی ہی جس کیخلاف پی ایف یو جے بھرپور ملک گیر احتجاج کرے گی۔ انھوں نے پارلیمانی پریس گیلری میں سینئر صحافی نوید اکبر کے ساتھ بدتمیزی ، نیشنل پریس کلب کی سیکرٹری فنانس نیر علی اور نائب صدر مائرہ عمران کی تحریک انصاف سوشل میڈیا ونگ کی جانب سے کردار کشی کی شدیدمذمت کی
علاوہ ازیں انہوں نے وزیر اعظم پاکستان کی طرف صحافیوں پر امریکی سفارتکاروں سے رقم وصولی کے بے سروپا الزامات رد کرتے ہوے عمران خان سے مطالبہ کیا کہ وہ جھوٹے الزامات پر صحافی برادری سے معافی مانگیں بصورت ان کے خلاف ملک گیر مظاہرے کئے جائیں گے۔