اسلام آباد(آئی پی ایس)وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم بزدلوں اور غداروں کے ساتھ کبھی کھڑی نہیں ہوگی، مریم باجی کے سسرال میں بھی ن لیگ کا صفایا ہوگیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں شہباز گل نے کہا کہ کے پی کے میں غیرت مند پاکستانیوں نے وطن کے خلاف سازش کی مرتکب پارٹیوں کو عبرت ناک شکست دے دی، مریم باجی کے سسرال میں بھی ن لیگ کا صفایا ہوگیا۔ڈاکٹر شہباز گل نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں مزید کہا کہ پاکستانی قوم بزدلوں اور غداروں کے ساتھ کبھی کھڑی نہیں ہوگی، عوام نے اپنا فیصلہ سنا دیا کہ عوام کسی صورت غلامی کی زندگی نہیں جینا چاہتے
خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں نتائج سامنے آنے کا سلسلہ جاری ہے، اکثر مقامات پر پی ٹی آئی کے امیدوار آگے ہیں۔ہزارہ ڈویژن میں مسلم لیگ ن کے امیدواروں کی جانب سے بھی بھرپور مقابلہ جاری ہے، سوات اور ایبٹ آباد کے سٹی میئر سمیت کئی اضلاع اور تحصیلوں میں ووٹ ڈالے گئے۔پی ٹی آئی کی 13 تحصیل کونسل میں کامیاب، 14 تحصیل کونسل میں آگے ہے، جے یو آئی (ف)5 تحصیل کونسل میں کامیاب، 7تحصیل کونسل میں آگے ہے۔





