
اسلام آباد(آئی پی ایس)وزیراعظم عمران خان نے موجودہ صورتحال میں محفوظ راستہ مانگ لیا ہے لیکن اپوزیشن نے وزیراعظم پر عدم اعتماد کا اظہار کر دیاہے ۔نجی ٹی وی کے مطابق عمران خان اور شہبازشریف کو اہم شخصیت کے پیغام کے بعد اپوزیشن رہنمائوں کا اہم ترین اجلاس ہوا جس میں یہ انکشاف ہواکہ موجودہ صورتحال میں عمران خان نے محفوظ راستہ مانگا ہے ،
عمران خان نے پیشکش کی ہے کہ عدم اعتماد واپس لی جاتی ہے تو وہ اسمبلیاں تحلیل کرنے کیلئے تیار ہیں ۔ اجلاس میں اہم شخصیت کے پیغام پر غورو فکر کیا گیا اور رہنما اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ عمران خان پر اعتماد نہیں کیا جا سکتا ، اپوزیشن کے پاس نمبرز پورے ہیں، سپیکر سے جلد ووٹنگ کا مطالبہ کیا جائے ، جتنی جلدی ووٹنگ ہو گی ہمیں فائدہ ہو گا ۔اپوزیشن اراکین نے فیس سوینگ کیلئے استعفی ہی واحد آپشن قرار دیاہے ۔
پیغام میں عمران خان کا کہناتھا کہ اپوزیشن متفق نہ ہوئی تو ہر طرح کے حالات کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہوں ۔یاد رہے کہ ایم کیوایم نے متحدہ اپوزیشن کا ساتھ دینے کا اعلان کر دیاہے جبکہ ان کے رہنماوں کی جانب سے وفاق کو وزارتوں سے استعفے بھی بھجوا دیئے گئے ہیں، ایم کیوایم کے جانے کے بعد اب قومی اسمبلی میں عمران خان کے پاس اکثریت نہیں رہی اور اپوزیشن نے عدم اعتماد کی ووٹنگ کیلئے اپنے نمبر بھی پورے کر لیے ہیں۔





