
راولپنڈی (آئی پی ایس ) سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک میں ملٹری کمپانڈ میں دہشت گردوں کے داخلے کی کوشش ناکام بنا دی، سیکیورٹی فورسز اور دہش گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشت گرد ہلاک جبکہ 6 جوان شہید ہوگئے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات (آئی ایس پی آر)کے مطابق فائرنگ کے شدید تبادلے میں پاک فوج کے 6 جوان شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والوں میں نوشہرو فیروز کے 48 سالہ صوبیدار میجر شیر محمد، خیرپور کے 39 سالہ نائب صوبیدار زبید، راولپنڈی کے 39 سالہ حوالدار سہیل، ٹنڈوالہ یار کے 36 سالہ لانس نائیک غلام، خیرپور کے 32 سالہ سپاہی مسکین علی اور سکھر کے 37 سالہ سپاہی میر محمد شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج دہشتگردی کی لعنت کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے ،اور ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔قبل ازیں مکین میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ 29مارچ کو ہوا۔
جوانوں نے بھرپور جواب دیتے ہوئے چار دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران کیپٹن سعد بن عامر اور لانس نائیک ریاض نے جام شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں دیگر دہشت گردوں کی موجودگی کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے کیپٹن اور ایک لانس نائیک کی شہادت پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے شہدا کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور شہدا کے درجات کی بلندی و پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔