
اسلام آباد(آئی پی ایس)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی افغانستان کے ہمسایہ ممالک کے تیسرے اجلاس میں شرکت کیلئے چین روانہ ہوگئے ، وہ یہ دورہ چین کے اسٹیٹ کونسلر اور وزیر خارجہ وانگ یی کی خصوصی دعوت پر کررہے ہیں ۔وزیر خارجہ اپنے تین روزہ دورے میں افغانستان کے ہمسایہ ممالک کے تیسرے اجلاس اور ٹرائیکا پلس اجلاس میں شریک ہوں گے۔
وزیر خارجہ افغانستان سمیت خطے میں قیام امن کیلئے مشترکہ کوششیں بروئے کار لانے کے حوالے سے شرکا کو پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کریں گے۔اس دورے کے دوران وزیر خارجہ، اسٹیٹ کونسلر اور وزیر خارجہ وانگ یی سے دو طرفہ ملاقات بھی کریں گے۔اس کے علاوہ روس کے وزیر خارجہ، سرگء لیوروف اور ایران کے وزیر خارجہ امیر عبداللہیان کے ساتھ بھی ملاقاتیں متوقع ہیں۔
ان ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات، کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔توقع ہے کہ وزیر خارجہ کا یہ دورہ چین، پاکستان کے اقتصادی ترجیحاتی ایجنڈے اور علاقائی روابط کے فروغ کیلئے انتہائی مفید ثابت ہوگا۔





