
وفاقی حکومت کی طرف سے ہارس ٹریڈنگ کیخلاف صدارتی ریفرنس کا ڈرافٹ تیار کر لیا گیا۔
ہارس ٹریڈنگ کے خلاف صدارتی ریفرنس کی سمری وزیراعظم کو ارسال کر دی گئی ہے، عمران خان کے مشیر برائے پالیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان کی ہدایت پر سمری وزارت پارلیمانی امور نے ارسال کی۔صدارتی ریفرنس کا مسودہ وزیراعظم عمران خان کو موصول ہو گیا، ریفرنس سپریم کورٹ میں دائر کرنے سے قبل وفاقی کابینہ سے منظوری لی جائے گی۔ کابینہ ڈویژن ریفرنس کی منظوری کیلئے سرکولیشن سمری وفاقی وزرا کو ارسال کرے گا۔
ریفرنس کا مسودہ منظوری کے لئے آج یا کل صبح وفاقی کابینہ کو بھیجا جائے گا، صدارتی ریفرنس کل سپریم کورٹ میں دائر کر دیا جائیگا۔دوسری طرف وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ آرٹیکل 63 اے کی تشریح کے لئے سپریم کورٹ ریفرنس تیار ہو گیا، پیر کو کورٹ میں پیش کیا جائے گا، انشااللہ کیس سے پاکستان کی سیاست میں ضمیر بیچ کر لوٹا بننے کا گھنانا کاروبار ہمیشہ کے لئے ختم ہو جائے گا، حرام کے پیسے کی سیاست میں اثرو رسوخ میں کمی آئے گی۔