
اسلام آباد (آئی پی ایس ) متحدہ اپوزیشن نے قومی اسمبلی ایوان میں دھرنے کی دھمکی کے بعد او آئی سی سے متعلق مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا ہے۔
اعلامیہ کے مطابق اسلامی تعاون تنظیم وزرا خارجہ کونسل کے 48 ویں اجلاس کے موقع پر اسلامی دنیا کے وزرا خارجہ، مندوبین اور دیگر اعلی شخصیات کی پاکستان آمد کا پرتپاک خیر مقدم کرتے ہیں، معزز مہمانوں کی آمد ہمارے لئے باعث مسرت و افتخار ہے۔
ہم ان کے جذبے اور عزم کی تحسین کرتے ہیں افغانستان، مقبوضہ کشمیر، فلسطین سمیت اسلامی دنیا کو درپیش کثیر الجہتی درپیش مسائل پر غور کیلئے 22 اور 23 مارچ 2022 کو اسلام آباد تشریف لارہے ہیں، ہم ان کی پذیرائی اور استقبال کے لئے چشم براہ ہیں۔
اعلامیہ کے مطابق پاکستان کے عوام کی نمائندگی کرتے ہوئے متحدہ اپوزیشن انہیں یقین دلاتی ہے ان کی آمد کے موقع پر پورا پاکستان انہیں خوش آمدید کہتا ہے، ان کی اسلام آباد میں موجودگی کے دوران مہمان نوازی کی روایتی چاشنی، احترام، تقاضوں کے مطابق خوش گوار ماحول استوار کرنے میں اپنا کردار یقینی بنائیں گے۔
اعلامیہ کے مطابق ایسی فضا کی تشکیل میں بھرپورحصہ ڈالیں گے جس میں معززمہمان اپنے طے شدہ امور پوری توجہ ، انہماک اوردلجمعی سے انجام دے سکیں،او آئی سی کے معزز مہمانوں کے خیر مقدم اور تکریم کیلئے ہی متحدہ اپوزیشن نے لانگ مارچ کی تاریخوں میں تبدیلی کی اوراپنے کارکنان کو 25 مارچ سے قبل اسلام آباد نہ آنیکی ہدایت کی۔
متحدہ اپوزیشن کے مطابق پاکستان کے داخلی سیاسی حالات اور سیاسی کشمکش کو کسی طور او آئی سی پر اثر انداز نہیں ہونے دیا جائے گا، ہم امید کرتے ہیں کہ معزز مہمانان گرامی کا اسلام آباد میں قیام خوشگوار رہے گا اور وہ اچھی یادیں لے کر وطن واپس تشریف لے جائیں گے۔