بین الاقوامی

روس پر پابندیوں کے سخت منفی اثرات یورپ کو جھیلنے پڑیں گے،یورپی یونین

برسلز(آئی پی ایس) یورپی یونین نے کہا ہے کہ روس پر پابندیوں سے یورپ کی معیشت بھی متاثر ہوگی، اِن پابندیوں سے یورپ میں بھی اقتصادی ترقی کو سخت منفی اثرات جھیلنے پڑیں گے۔یورپی یونین کے ادارے یورپی کمیشن فار ٹریڈ کے سربراہ والڈس ڈومبرووسکس نے کہا ہے کہ روس پر پابندیوں سے یورپ میں مہنگائی بڑھے گی، ذرائع توانائی اور خوراک کی قیمتوں پر دبا ئوپڑے گا، منڈیاں غیر یقینی صورتحال کا سامنا کریں گی اور اشیا کی فراہمی متاثر ہوگی۔

برسلز میں یورپی ممالک کے وزرائے خزانہ کے اجلاس کے بعد بات کرتے ہوئے والڈس ڈومبرووسکس نے کہا کہ اقتصادی اثرات کس شدت کے ہوں گے اس کا فی الحال اندازہ لگانا ناممکن ہے۔یورپی وزرائے خزانہ نے اجلاس میں سب سے زیادہ متاثر ہونے والے کاروباروں کے لیے گرانٹس اور قرضوں جیسی تجاویز پر غور کیا۔یورپی کمیشن برائے تجارت کے سربراہ والڈس ڈومبرووسکس کا کہنا ہے کہ یورپی معیشت کی بنیاد مضبوط ہے اور یورپی ممالک کا بلاک اس بحران کو برداشت کرنے کی طاقت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعدد طریقے موجود ہیں۔

یوکرین پر حملے کے بعد روس پر عائد مغربی پابندیوں کے باعث ممکنہ طور پر روس کو اپنے قرضے ادا کرنے میں ناکامی کا سامنا ہے۔روس کو آج اپنے سرمایہ کاروں کو سود کی مد میں 11 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کی رقم ادا کرنی ہے مگر پابندیوں کے باعث وہ ادائیگیوں سے قاصر ہے کیونکہ اس کے 630 ارب ڈالر کے زرِمبادلہ ذخائر منجمد ہیں۔کریڈٹ ریٹنگز کے اداروں کا کہنا ہے کہ روس کی قرضے ادا کرنے میں ناکامی یقینی ہے اور اگر ایسا ہوا تو یہ 1998 کے بعد روس کے لیے پہلی بار ہوگا۔بین الاقوامی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف نے کہا ہے کہ اسے روس کی جانب سے قرضے ادا کرنے میں ناکامی کے اثرات پر تشویش ہے تاہم اس سے کوئی عالمی مالیاتی بحران پیدا نہیں ہوگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker