پاکستان

ملک کے اعلیٰ ترین مفاد میں حکومت اور اپوزیشن جلسے منسوخ کریں،چوہدری شجاعت

لاہور(آئی پی ایس) پاکستان مسلم لیگ (ق)کے رہنما چوہدری شجاعت حسین نے اپیل کی ہے کہ حکمران پارٹی اور اپوزیشن اپنے جلسے منسوخ کریں ،پاکستان کسی بھی محاذ آرائی کا متحمل نہیں ہوسکتا ،حیران کن بات یہ ہے کہ اپوزیشن کاکام تو جلسوں کی سیاست کرنا ہوتاہے مگر حکومت بھی اس کے مقابلے میں اتر آئی ہے ،دونوں فریقین اپنے اپنے کارکنان کو اشتعال انگیز سیاست کا راستہ مت دکھائیں۔

اپنے ایک بیان میں چوہدری شجاعت حسین نے کہاکہ پاکستان کے موجودہ نامساعد معاشی اور سیاسی حالات اس خطرناک محاذ آرائی کے متحمل نہیں ہو سکتے، غربت اور مہنگائی کی چکی میں پسنے والے عوام حکومت اور اپوزیشن کے جلسوں اور نمبروں کی سیاست سے سخت پریشان ہیں۔انہوں نے کہا کہ حیرانگی کی بات یہ ہے کہ اپوزیشن تو جلسوں کی سیاست کرتی ہی ہے مگر اس وقت حکومت بھی اس کے مقابلے میں جلسے کرنے لگ گئی ہے جو حکومت کا کام نہیں ہے، ملک کے اعلی ترین مفاد میں وہ فورا ان کی منسوخی کا اعلان کریں۔

چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ یہ سیاسی مسابقت ملک میں ایسی افراتفری اور بحران پیدا کر سکتی ہے جس کا فائدہ پاکستان کے اندرونی وبیرونی دشمنوں کو ہو سکتا ہے، دونوں فریقین اپنے اپنے کارکنان کو اشتعال انگیز سیاست کا راستہ مت دکھائیں، اس لڑائی میں کوئی مارا گیا یا کسی کو مروا دیا گیا تو سب پچھتائیں گے، ہار اور جیت کو انا کا مسئلہ بنائے بغیر جمہوری طریقے کے مطابق ووٹنگ میں حصہ لیں۔چوہدری شجاعت کا کہنا تھا کہ ق لیگ نے ہمیشہ ملکی مفاد کی سیاست کی، ہمیں چھوٹی پارٹی کہنے والے بھول گئے ہیں کہ ہم نے ملک اور جمہوریت کی خاطر بڑے فیصلے کیے، دوسروں کی مخالفت مول لینے کے باوجود ہم نے ہمیشہ تدبیر اور صلح جوئی کو ترجیح دی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker