
میلسی(آئی پی ایس ) وزیراعظم عمران خان نے جنوبی پنجاب کے لیے مزید 500 ارب روپے مختص کرنے اور اسے الگ صوبہ بنانے کے لیے جلد قومی اسمبلی میں آئینی ترمیم لانے کا اعلان کردیا۔اس بات کا اعلان انہوں نے میلسی میں تحریک انصاف کے جلسہ عام سے خطاب میں کیا۔ جلسہ گاہ میں کارکنان اور مداحوں کی بہت بڑی تعداد موجود ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ یورپی یونین کے سفیر نے پاکستان کو خط لکھا کہ روس سے تعلقات ختم کریں، میں یورپی یونین کے سفیروں سے پوچھتا ہوں کہ وہ بتائیں کہ کیا آپ نے جو خط ہمیں لکھا ہے کیا آپ نے وہ بھارت کو بھی لکھا؟ کیا ہم غلام ہیں کہ جو آپ کہیں ہم وہ کریں، ہم ایک آزاد اور خود مختار ریاست ہیں،نیٹو کا ساتھ دینے پر ہم نے 80 ہزار سے زائد جانوں کی قربانی دی، یورپی یونین کے سفیر بتائیں کہ ہم نے آپ کی مدد کی کیا آپ نے ہمارا شکریہ ادا کیا۔
عمران خان نے کہا کہ تاریخ میں کبھی ایسا نہیں ہوا کہ کوئی ملک کسی کے لیے جنگ لڑے اور اس پر وہی ملک ڈرون بمباری شروع کردے جس میں بے گناہ اور معصوم جانیں ضائع ہوں، اس وقت کے حکمرانوں کو شرم نہیں آئی کہ پاکستانی مررہے ہیں وہ کیوں خاموش رہے؟ وہ دو ڈاکو اس لیے نہیں بول رہے تھے کہ ان کا پیسہ باہر کے ملکوں میں موجود تھا، قوم بتائے کہ میں جب سے وزیراعظم بنا ہوں کیا ملک پر کوئی ڈرون حملہ ہوا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے چین، امریکا، روس سمیت سب سے اچھے تعلقات ہیں اور ہم کسی بھی ملک کے کیمپ میں نہیں، ہم جنگ کے لیے کسی کا ساتھ نہیں دیں گے اور امن میں سب کے ساتھ ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ عوام کی مشکلات کو دیکھتے ہوئے پٹرول پر 10 روپے اور بجلی پر 5 روپے کم کیے اس لیے کہ اس بار ایف بی آر نے ریکارڈ ٹیکس جمع کیا جس قدر ٹیکس جمع ہوتا رہے گا عوام کو ریلیف فراہم کرتے رہیں گے، لندن میں بیٹھے ہوئے بھگوڑے سے اگر پیسہ واپس آگیا تو پیٹرول ڈیزل کی قیمت آدھی کردوں گا۔
عمران خان نے کہا کہ میں آج تک کسی کے سامنے نہیں جھکا اور جب تک زندگی ہے اپنی قوم کو بھی کسی کے سامنے جھکنے نہیں دوں گا، آج جتنی بھی مہنگائی ہے وہ پیپلز پارٹی کے دور سے کم ہے۔
تحریک عدم اعتماد پر بات کرتے ہوئے انہوں ںے کہا کہ یہ تحریک لا کون رہا ہے، نواز شریف جو جھوٹ بول کر ملک سے باہر چلے گئے، کبھی گیدڑ بھی لیڈر بن سکتا ہے؟ کبھی سنا ہے کہ لیڈر دم دبا کر بھاگ گیا؟ نواز شریف دوسری بار ملک سے بھاگے اور جھوٹ کہا کہ کوئی معاہدہ کرکے باہر نہیں گیا اور معاہدہ بھی سامنے آگیا۔
عمران خان نے کہا کہ ن لیگ میں اچھے اچھے لوگ بھی ہیں جن سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ گوگل پر سرچ کریں کہ کوئی مثال ایسی ہے کہ دو بچے پڑھنے باہر جائیں اور اربوں روپے کے محل میں رہیں اور پیسے پر جواب دیں کہ ہم پاکستانی شہری نہیں اور اس لیے جواب دہ نہیں۔
قائد حزب اختلاف شہباز شریف پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر شہباز شریف کو گرفتار کرنا ہے تو مقصود چپڑاسی کو سامنے لے آئیں جس کے اکاونٹ سے شہباز شریف کے اربوں روپے نکلے، نواز شریف اور ان کی بیٹی فوج کے خلاف بیانات دیتے ہیں جب کہ شہباز شریف کو کوئی بھی بوٹ نظر آئے تو وہ اس کی پالش شروع کردیتے ہیں۔