
اسلام آباد (آئی پی ایس )صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ملک میں صنعتی ترقی کیلئے انکم ٹیکس ترمیمی آرڈیننس 2022 جاری کر دیا، آرڈیننس کا مقصد ملک میں سرمایہ کاری اور صنعتوں کا فروغ ، بیمار صنعتی یونٹس کا احیا ہے۔
بدھ کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق آرڈیننس کے تحت نقصان میں جانے والی اور بیمار صنعتوں کو دوبارہ زندہ کرنے کیلئے پیکیج دیا گیا ہے ۔
آرڈیننس کی مدد سے انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 میں سیکشن 59 سی ، 65 ایچ ، 100 ایف کا اضافہ کیا گیا۔ آرڈیننس میں مزید کہا گیا ہے کہ نئی صنعتوں کے قیام کیلئے ظاہر کردہ اثاثوں پر سرمایہ کاروں کو صرف 5 فیصد مقرر ٹیکس دینا ہوگا، ظاہر کردہ فنڈز صرف پلانٹ و مشینری خریدنے ، انڈسٹری کے قیام کیلئے استعمال ہو سکیں گے ، فائدہ مند کمپنیاں بیمار اور نقصان میں جانے والی صنعتیں حاصل کر سکیں گی ، حوصلہ افزائی کیلئے بیمار صنعت کا ٹیکس نقصان اگلے تین سال کیلئے ایڈجسٹ کیا جاسکے گا۔
اہل سمندر پار پاکستانی ، بیرون ملک اثاثوں کے حامل پاکستانی سرمایہ کاری کر سکیں گے، سرمایہ کار پیکج کے تحت واپس لائی گئی رقم پر 100 فیصد ٹیکس کریڈٹ کے اہل ہوں گے ، پیکج کے تحت واپس لائی گئی رقم کے برابر ٹیکس کریڈٹ صرف پانچ سال تک دیا جائے گا۔صدر مملکت نے وزیر اعظم کی ایڈوائس پر آئین کے آرٹیکل 89 کے تحت آرڈیننس جاری کیا۔





