اہم خبریںپاکستان

پاکستان کا ہر قیمت پر اپنی خودمختاری اور سالمیت کا دفاع کے عزم کا اعادہ

اسلام آباد(آئی پی ایس )پاکستان ہر قیمت پر اپنی خودمختاری اور جغرافیائی سالمیت کا دفاع کرنے کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آج ہماری فضائی حدود کے اندر بھارت کے عاقبت نااندیشانہ فضائی حملوں کا پاکستان کی طرف سے مثالی جواب دینے کے دن کو تین سال مکمل ہوگئے ہیں۔

26 فروری 2019 کو اقوام متحدہ کے منشور اور عالمی قانون کی صریحا خلاف ورزی کرتے ہوئے بھارت نے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی اور پاکستانی علاقے کے اندر فضائی حملے کئے۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ہماری بہادر افواج نے پاکستان کی خودمختاری کی خلاف ورزری کی کوشش کو بروقت موثر کارروائی سے ناکام بنادیا۔ پاکستان نے نہ صرف اپنی خودمختاری کا پختہ عزم اور ثابت قدمی سے تحفظ کیا بلکہ انتہائی ضبط وتحمل کا بھی مظاہرہ کیا۔ 27 فروری 2019 کو ایک بار پھر دو بھارتی جہازوں نے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی جنہیں پاکستان ائیر فورس کے طیاروں نے مار گرایا۔ مارگرائے جانے والے ایک بھارتی طیارے کے گرفتار ہواباز کو خیرسگالی کے جذبے کے تحت واپس کردیا گیا۔

پاکستان خطے میں امن واستحکام کا داعی ہے۔ امن کیلئے ہماری خواہش بیک وقت اپنے دفاع کے پختہ عزم اوربھرپور صلاحیت کی بھی امین ہے۔ 27 فروری بھارت کے لئے ایک سبق ہے کہ اس کے ہر عسکری جارحانہ پن اور جنگی جنون کا ہماری طرف سے بھرپور اور نپا تلا جواب دیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ بھارت کوفروری2019 کے اپنے عاقبت نااندیشانہ طرز عمل کے اثرات و نتائج کو پیش نظر رکھتے ہوئے مستقبل میں ایسی کسی بھی مہم جوئی سے باز رہنا ہوگا۔

پاکستان کی حکومت، مسلح افواج اور عوام کسی بھی جارحیت کے خلاف اپنی خودمختاری اور جغرافیائی سالمیت کے دفاع کے لئے پختہ عزم کئے ہوئے ہیں۔اس دن کو مناتے ہوئے ہم اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں وخواہشات کے مطابق تنازعہ جموں وکشمیر کے پرامن حل کے اپنے عزم کو دہراتے ہیں۔ہم اقوام متحدہ سمیت عالمی برداری پر زور دیتے ہیں کہ غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرتسلط جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور انسانیت کے خلاف منظم جرائم کے ارتکاب پر بلاتاخیر بھارت کو کٹہرے میں کھڑا کیاجائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker