
مسلم لیگ ن نے پیکا ترمیمی آرڈیننس عدالت میں چیلنج کر دیا۔تفصیلات کے مطابق ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے پیکا ترمیمی آرڈیننس کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی۔
ن لیگ کی جانب سے عدالت میں دائردرخواست میں صدر مملکت، سیکریٹری قانون اور ایف آئی اے کو فریق بنایا گیا ہے۔دائر درخواست میں عدالت سے پیکا ترمیمی آرڈیننس کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔مسلم لیگ ن کی جانب سے درخواست میں موقف پیش کیا گیا کہ پیکا قانون میں آرڈیننس کے ذریعے تبدیلی آئین سے متصادم ہے، کالعدم قرار دیا جائے،عملدرآمد روکا جائے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن نے کالے قانون کو چیلنج کردیا ہے۔ یہ میڈیا اور سوسائٹی کو اندھا گونگا اور بہرہ بنانا چاہتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ جب کوئی کالا قانون لانا ہو تو رات کی تاریکی میں آرڈیننس جاری کر دیتے ہیں۔ یہ حکومت ہمیشہ واردات رات کے اندھیرے میں کرتی ہے۔اس کالے قانون کے تحت عمران خان اپنے سیاسی مخالفین کو ایف آئی اے اور نیب کے ذریعے دھمکاتے ہیں۔
ترجمان مسلم لیگ نے کہا کہ چیف جسٹس نے کل اس قانون سے متعلق اہم ریمارکس دیے ہیں، امید ہے کل تک یہ درخواست سماعت کے لیے لگ جائے گی۔