
پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما ایم این اے سید خورشید احمد شاہ نے پشاور میں پارٹی کنونشن سے اپنے خطاب اور صحافیوں سے بات چیت کرتے کہا ہے کہ ہم عمران خان کو پورا موقع دیا کہ وہ حکومت بنائے، چلائے اور عوام سے کئے گئے وعدے پورے کرے۔ انہوں نے کہا کہ اگر اس طرح کے دھاندلی زدہ الیکشن کے باوجود بھی آج جمہوریت اور جمہوری نظام آگے بڑھ رہا ہے تو اس میں پی پی پی کی پختہ سیاسی سوچ کار فرما ہے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ ہم نے جمہوریت کیلئے بے مثال قربانیاں دیں اور ہم آئندہ بھی مثبت جمہوری سوچ کے ساتھ پارلیمانی سیاست کرتے رہیں گے گے مگر جمہوریت اور جمہوری اداروں پر کبھی انچ نہیں آنے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنی 40 سالہ پارلیمانی سیاست سے ہمیشہ تحمل اور بردباری سیکھی ہے اور وہ آئندہ بھی مثبت رویے اور سوچ کو ساتھ لیکر آگے چلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں دعوے سے کہتا ہوں پیپلز پارٹی نے اپنے دورمیں عوام سے کئے گئے تمام وعدے پورے کئے۔ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام، تنخواہوں میں 125 فی صد اضافہ، پینشن میں سو فیصد اضافہ، روزگار کی فراہمی اور اشیائے خورد و نوش کی سستے داموں فراہمی ہمارا کارنامہ تھا۔ ہم نے سی پیک کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمےکیلئے بھی اہم کردار ادا کیا۔ خورشید شاہ نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ جمہوریت اور پارلیمنٹ کو عزت دی جائے نہ کہ من مانے ارڈینس کے اجرا کے ذریعے پارلیمنٹ کو بے توقیر کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اصل کام عوام کی خدمت اور وعدوں کی تکمیل ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے پورے دور میں ہم صرف اور صرف اس طرح کے کاسمیٹک اعلانات سنتے رہے مگر ان اعلانات سے قوم کا کوئی بھلا ہوا نہ ملک کا کوئی فائدہ ہوگا۔





