اہم خبریںپاکستان

پاکستان میں جنوری 2022، گذشتہ 32 برس کے دوران سب سے زیادہ بارشوں کا مہینہ

 

اسلام آباد ۔۔۔ پاکستان کے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جنوری 2022 میں ملک بھر میں گذشتہ 32 برس کے دوران سب سے زیادہ بارشیں ریکارڈ کی گئیں۔ محکمہ موسمیات کے ماحول پر ڈیٹا اکھٹا کرنے والے سینٹر (کلائیمیٹ ڈیٹا پروسیسنگ سینیٹر کراچی) کی رپورٹ کے مطابق جنوری کے مہینے میں مسلسل بارش کے تین دور ہوئے جو معمول سے بہت زیادہ تھے۔ اسی طرح گلگت بلتستان میں مسلسل برف باری اور کراچی اور بلوچستان میں سمندری طوفانی ہواؤں کا سلسلہ جاری رہا۔ رپورٹ کے مطابق زیادہ بارشوں کی وجہ سے گزشتہ 62 برس کے مقابلے میں جنوری 2022 دوسرا بھیگا ترین مہینہ ثابت ہوا ہے۔ اس دوران پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں 88.6 فیصد، گلگت بلتستان میں 152، بلوچستان میں 166، خیبرپختونخوا میں 120.6 اور پنجاب میں 257.6 فیصد بارش معمول سے زیادہ ریکارڈ کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ 62 برسوں کے دوران ملک بھر میں سب سے زیادہ بارش 55.9 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ہے جو کہ 1990 میں ریکارڈ کی گئی۔ جنوری 2022 میں ملک بھر میں بارش کی مقدار 52.7 فیصد رہی جبکہ ماہانہ اوسط بارش  کی مقدار 18.9 ملی میٹر بنتی ہے۔ اس حساب سے گزشتہ ماہ 177 فیصد زائد بارشیں ریکارڈ ہوئیں۔ ماہانہ اوسط متوقع بارش کے رجحان کو سامنے رکھا جائے تو جنوری میں کشمیر میں 52 ملی میٹر کے مقابلے میں 99 ملی میٹر، گلگت بلتستان میں 17 کے مقابلے میں 45، بلوچستان میں 18 کے مقابلے میں 48، خیبر پختونخوا میں 100 کے مقابلے میں 120، پنجاب میں 55 کے مقابلے میں 258  اور سندھ میں 2.8 کے مقابلے میں 23 ملی میٹر زیادہ بارش ہوئیں۔ سال 2022 میں بھیگا ترین دن پانچ جنوری کا تھا جس دن پسنی میں 115 ملی میٹر بارش ہوئی۔ مہینے بھر میں سب سے زیادہ بارش مالم جبہ میں 218.6 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ اس مہینے کا اوسط درجہ حرارت تقریباً 11 سینٹی گریڈ رہا تاہم بارش کے باوجود پورے مہینے درجہ حرارت میں معمولی اضافہ دیکھنے کو ملا۔ جنوری میں ہی سب سے زیادہ درجہ حرارت 31 جنوری کو مٹھی میں 32.5 رہا جبکہ مہینے کا سب سے کم درجہ حرارت 12 جنوری کو کالام میں منفی 13.5 ریکارڈ ہوا۔ راولپنڈی میں سنہ 1954، لاہور میں1981، جہلم میں 1950، سیالکوٹ میں 1953، اورماڑہ 1970 اور لسبیلہ میں 1944 کے بعد اوسطاً ماہانہ بارش کا ریکارڈ ٹوٹ گیا جبکہ جہلم، راولپنڈی، سکھر اورماڑہ، لاہور اور موہنجو دڑو میں 24 گھنٹے کے دوران ہونے والی بارش سے کئی سال پرانا ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق موسم اور آب و ہوا سے متعلق یہ ڈیٹا ملک کے 25 مقامات سے حاصل کیا جاتا ہے جبکہ ایک سو سٹیشنز سے موسمیاتی رپورٹس کا بھی موازنہ کیا جاتا ہے۔ اس سلسلے میں موازنے کا سال 1961 رکھا گیا ہے تاہم ادارے کے پاس قیام پاکستان سے پہلے کی موسمیاتی رپورٹس کا ریکارڈ بھی موجود ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker