
اسلام آباد(آئی پی ایس )شمالی علاقہ جات میں آئندہ چند روز کے درمیان برفباری اور بارشوں سے قبل این ڈی ایم نے الرٹ جاری کردیا ہے۔ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق محکمہ موسمیات نے شمالی علاقہ جات باالخصوص مری اور گلیات میں آئندہ چند روز کے درمیان برف باری اور بارشوں کی پیش گوئی کی ہے، مزید بارشوں اور برف باری کی پیشن گوئی کے باعث متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔این ڈی ایم اے کے مطابق کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پیشگی اقدامات کئے جائیں، تاکہ کسی جانی ومالی نقصان سے بچاجا سکے، صوبائی ،ضلعی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز متعلقہ محکموں سے رابطہ قائم کرے، حساس مقامات پرمشینری، ایمرجنسی سامان اور عملیکی موجودگی یقینی بنائی جائے۔ترجمان این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری الرٹ میں کہا گیا ہے کہ متعلقہ ادارے مسافروں اور سیاحوں کو موسم صورتحال سے آگاہ رکھنے کے لئے اقدامات کریں۔این ڈی ایم اے کی جانب سے الرٹ انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ رواں ماہ ملکہ کوہسار مری میں شدید برفباری کے باعث قیمتی 23 جانوں کا ضیاع ہوا تھا گوکہ واقعے کی تحقیقاتی رپورٹ منظر عام پر آچکی ہے اور ذمے داران کے خلاف کارروائی کا عمل بھی جاری ہے تاہم این ڈی ایم اے کی جانب سے پیشگی اقدامات قابل تحسین عمل ہے۔