
اسلام آباد(آئی پی ایس )پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے بڑھتے ہوئے امپورٹ بل اور تجارتی خسارے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا تیل اور خوراک کا درآمدی بل میں جولائی سے دسمبر 2021 کے عرصے میں 73فیصد اضافہ ہوا ہے، تیل و خوراک کا امپورٹ بل 8.67 بلین ڈالر تھا جو اب 14.97 بلین ڈالر ہو گیا ہے۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیری رحمان نے کہا کہ پاکستان ادارہ شماریات کے جاری کردہ اعداد و شمار قابل تشویش ہیں، اس سے غذائی قلت متعلق سوالات جنم لے رہے، مجموعی درآمدی بل 66% بڑھ کر 40.65 بلین ڈالر تک پہنچ گیا ہے جو ایک سال پہلے 24.45 بلین ڈالر تھا، درآمدی بل میں اضافے سے تجارتی خسارہ 24.79 بلین ڈالر کی تشویشناک حد تک بڑھ گیا ہے، جن اشیا میں ملک خود کفیل تھا وہ بھی امپورٹ ہو رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایسا لگ رہا ملک بنا کسی پالیسی کے چل رہا ہے۔