
اسلام آباد(آئی پی ایس )وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے امورِ سی ڈی اے علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے عمران خان کی قیادت میں عالمی سطح پر پاکستان کا امیج بہتر کرنے کے لیے بھرپور کردار ادا کیا ہے اور وزیراعظم نے دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کیا ہے، اسلامی ممالک کی کانفرنس ہو یا اسلامو فوبیا کے خلاف موثر آواز، پاکستان کو ہر شعبے میں بھرپور پذیرائی ملی اور پاکستان نے مضبوط معاشی، عوامی اور سائنسی سفارت کاری کے ذریعے سفارتی محاذوں پر تاریخی سنگ میل حاصل کیے۔علی نواز اعوان نے کہا کہ سال 2021 میں پاکستان کو سفارتی محاذ پر کلیدی کامیابیاں ملیں جن میں سب سے بڑی کامیابی پاکستان میں اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی کی وزارت خارجہ سطح کی کانفرنس کا انعقاد تھا جس میں افغانستان میں ممکنہ معاشی بحران پر کلیدی فیصلے کیے گئے، وزیراعظم عمران خان اس وقت دنیا میں اسلامو فوبیا کے خلاف موثر آواز ہیں جس کی بدولت امریکی کانگریس میں اسلامو فوبیا کے خلاف قرارداد منظور کی گئی جبکہ روسی صدر پیوٹن نے بھی اسلامی اقدار کا مذاق اڑانے کو آزادی اظہار رائے کے منافی قرار دیا۔ علی نواز اعوان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ ہفتے کے اختتام پر دنیا بھر کے جید علما کے ساتھ مکالمہ کیا اور دنیا کو درپیش مسائل پر سیر حاصل تبادلہ خیال کیا گیا، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے بلین ٹری سونامی پروگرام کو بھی دنیا میں پذیرائی ملی اور اقوام متحدہ نے پاکستان کو فاریسٹری چیمپئن قرار دیتے ہوئے دیگر ایشیائی ممالک کے لیے مثال قرار دیا ہے اور پاکستان کو دیگر ایشیائی ممالک کی رہنمائی کرنے کے لیے چنا گیا ہے، اسی طرح برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے بھی پاکستان کے ماحول دوست اقدامات کو سراہا ہے