
اسلام آباد، پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ ن لیگ کے قائد نواز شریف کو ملک آنے سے کوئی نہیں روک سکتا، آصف زرداری سوچ سمجھ کرسیاسی شطرنج کھیلتے ہیں، نظرآرہاہے کہ وہ سیاسی چال چلیں گے، ان کے ایکٹو ہونے سے بعض لوگ تکلیف میں ہیں اورحکومت اس وقت بوکھلاہٹ کاشکارنظرآرہی ہے۔
سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کی شہادت سے متعلق کتاب محترمہ بینظیر بھٹو کی شہادت کی تقریب رونمائی سے خطاب کے دوران رحمان ملک نے کہا کہ حکومتی وزرا کے بیانات سے ایسا لگ رہا ہے کہ جیسے یہ بوکھلائے ہوئے ہیں، بیانات سے لگتا ہے کہ کہیں طوفان اٹھا ہے اور دال میں کچھ کالا ہے۔ انھوں نے کہا کہ نواز شریف کا ملک ہے انھیں کوئی پاکستان آنے سے کوئی نہیں روک سکتا، یہ تو وقت بتائے گا کہ میاں صاحب کے آنے پر حکومت رہے گی یا جائے گی؟ دیکھنا ہے کہ ان کے آنے کے لیے طریقہ کار کیا ہو گا۔ سابق وزیر داخلہ کے مطابق یہ صرف میاں صاحب بتاسکتے ہیں کس لیے اور کیوں آ رہے ہیں اور آخر پاکستان آکر کیا کریں گے لیکن یہ نواز شریف کا ملک ہے اور انہیں پاکستان آنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔دوران گفتگو رحمان ملک نے مزید کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری جب بھی متحرک ہوتے ہیں سیاسی چالیں سوچ سمجھ کر چلتے ہیں اور حریف کو ہراتے ہیں، نظر آرہا ہے کہ آصف زرداری صحیح سیاسی چال چلیں گے۔ رحمان ملک نے کہا ہے کہ بے نظیر کو شہید کرکے پاکستان کو نقصان پہنچایا گیا، اس کے تانے بانے باہر بھی جاکر ملتے ہیں، ٹیلی کام کے ریکارڈ کو ٹیمپر کرنے کی کوشش کی گئی، جو افراد پکڑے گئے ان کے اعترافی بیانات موجود ہیں، جن افراد کو سزائیں ہوئیں ان کی سزائیں معطل کردی گئی ہیں،اعلی عدلیہ سے گزارش ہے کہ اس معاملے کا نوٹس لیں۔رحمان ملک کا کہنا تھا کہ یہ معاملہ لٹک کیوں رہا ہے،کالعدم ٹی ٹی پی کے ساتھ بات ہورہی ہے تو دکھ تو ہوتا ہے ، اس لئے کہا تھا کہ ٹرتھ کمیشن بنائیں اور پھر بات چیت کریں ،کالعدم ٹی ٹی پی نے فائر بندی ختم کرکے ہمارے اداروں پر حملے شروع کردئیے ہیں، آج جب پاکستان کے دشمن سرگرم ہورہے تو افغان حکومت ان کا ساتھ دے رہی، افغان وزیر حقانی سے گزارش ہے کہ اکرام الحق کو پکڑکر ہمارے حوالے کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان ہماری حکومت کوچیلنج کررہاہے، لگتاہے امریکاکی افغان طالبان کیساتھ خاموش مفاہمت ہے، بینظیربھٹونے پاکستان کیلئے شاندارخدمات پیش کیں، چیئرمین پیپلزپارٹی بہترین اندازمیں شہیدبی بی کامشن آگے بڑھارہے ہیں، ہماری عدالتوں سے درخواست ہے بینظیربھٹوکی شہادت کامعاملہ لٹکاہواکیوں نظرآرہاہے، آنیوالے وقت میں پیپلزپارٹی بہت آگے بڑھے گی۔