اہم خبریںپاکستان

کارکنان لنگوٹیں کس لیں ،نیب نیازی گٹھ جوڑ کے خاتمے کا وقت آ گیا ،شہباز شریف

لاہور،مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ہے کہ کارکنان تیاری کریں لنگوٹیں کسیں، نیب نیازی گٹھ جوڑ کے خاتمے کا وقت آ گیا ہے، اگر حکومت سے جان نہ چھڑوائی تو پاکستان کا خدا حافظ ہوگا،عمران نیازی نے ساڑھے تین سال میں ملک کی اینٹ سے اینٹ بجا دی، حکومت کادھڑن تختہ ہونیوالاہے،حکومت نے ساڑھے 3سال نوازشریف کے منصوبوں پر تختیوں پر تختیاں لگائیں،آپ کو تختیاں لگانے کا اتنا شوق تھا توہمیں بتاتے ہم آپ کو تختیاں لگانے پر مامور کر دیتے، پی کے ایل آئی پاکستان کا جان ہاپکنز تھا، عمران نیازی نے ہسپتالوں کا جنازہ نکال دیا ہے،قائد اعظم کی روح تڑپتی ہوگی کہ 74سال کے بعد کون سا حکمران آ گیا ہے، بجلی اور گیس ہونے کے باوجود عوام کو مل نہیںرہی ، اربوں کھربوں روپے کی کرپشن کو پر لگ گئے، چاول، گیس، ادویات اور مالم جبہ کے بڑے بڑے اسکینڈل آئے لیکن کسی پر جوں نہ رینگی۔

جمعرات کو سابق وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کے والد خواجہ رفیق کی برسی کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ دھاندلی کی پیداوار حکومت کے خلاف لنگوٹے کسنے اور اس کا خاتمہ کرنے کا وقت آ گیا، اب وقت آگیاکہ پی ٹی آئی حکومت کا گریبان ہو اور ہمارا ہاتھ ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ عمران نیازی کی حکومت کادھڑن تختہ ہونیوالاہے، آج عمران خان صاحب ہمارے نالج پارک پرتختی لگانے لاہور آ گئے، حکومت نے ساڑھے 3سال نوازشریف کے منصوبوں پر تختیوں پر تختیاں لگائیں،آپ کو تختیاں لگانے کا اتنا شوق تھا توہمیں بتاتے ہم آپ کو تختیاں لگانے پر مامور کر دیتے ،ن لیگ کی حکومت نے لاہور میں اورنج لائن میٹرو ٹرین بنائی۔ پی ٹی آئی حکومت نے پشاور میں بی آرٹی بنائی جو چلتی، آگ لگتی تھی پھر رکتی تھی، کنٹینر پر کھڑا ہو کر وہ شخص کہتا تھا میں پشاور میں یونیورسٹیاں بنائوں گا۔ لاہورکی میٹرو بس کو ایک شخص جنگلا بس کہتا نہیں تھکتا تھا، آج لاکھوں لوگ بیروزگارہو چکے، 50لاکھ گھر تو دور کی بات حکومت نے ایک مرلے گھر کی ایک اینٹ نہیں رکھی۔انہوں نے کہا کہ پی کے ایل آئی پاکستان کا جان ہاپکنز تھا عمران نیازی نے اس کا جنازہ نکال دیا، پی کے ایل آئی میں دنیا بھر سے ڈاکٹر لے کر آئے، ساڑھے تین برس میں معیشت کا جنازہ نکل چکا ہے، عمران نیازی اور حکومت نے اسپتالوں کا جنازہ نکال دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ خان صاحب کے پی میں شکست پر تختیاں لگا رہے ہیں، اب تختیوں سے بات نہیں بنے گی آپ کا دھڑن تختہ ہونے والا ہے، جنہوں نے ووٹ دئیے ان کو بھی آپ نے برباد کیا، وقت آ گیا ان کا گریبان ہو اور عوام کا ہاتھ ہو۔شہباز شریف نے کہا کہ ساڑھے3سالوں میں ملکی معیشت کا جنازہ نکل چکا،سابق چیئر مین ایف بی آر شبر زیدی اور گورنر پنجاب چودھری سرور بھی کہہ رہے ہیں کہ ملک دیوالیہ ہو چکا ہے۔اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ قائد اعظم کی روح تڑپتی ہوگی کہ 74سال کے بعد کون سا حکمران آ گیا ہے،پاکستان کو آئی ایم ایف کے ہاتھوں گروی رکھ دیا گیا ہے، بجلی ہونے کے باوجود بجلی نہیں گیس ہونے کے باوجود گیس نہیں، جب کہ اتنی مہنگی گیس خریدی جارہی ہے، اربوں کھربوں روپے کی کرپشن کو پر لگ گئے، چاول، گیس، ادویات اور مالم جبہ کے بڑے بڑے اسکینڈل آئے لیکن کسی پر جوں نہ رینگی، حکومت کے اتنے اسکینڈل ہونے کے باوجودآج کہاں ہے نیب؟ نیب نیازی گٹھ جوڑ ہے جسے تین سال پہلے کہا تھا، نیب نیازی گٹھ جوڑ کے خاتمے کا وقت آ گیا ہے، کارکنان تیاری کریں، دھاندلی کی پیداوار حکومت اور مہنگائی کے خلاف اور اس کے خاتمے کا وقت آ گیا ہے، اگر حکومت سے جان نہ چھڑوائی تو پاکستان کا خدا حافظ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ جب ہم نے حکومت سنبھالی تھی بیس بیس گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہوتی تھی، نوازشریف نے قوم سے وعدہ کر رکھا تھا کہ اندھیرے ختم کرنے کی ہرممکن کوشش کروں گا، میری بات چھوڑیں میں تو ہوں ہی جلد باز ، میں ہمیشہ جلد بازی میں جلدی میں فقرے کس دیتاہوں، آج یار لوگ ہنسی مذاق میں بات کرتے ہیں کبھی طنز بھی کرتے ہیں ، میں نے ایسے لمحات میں کہہ دیا ہم 6ماہ میں بجلی کے اندھیرے دورنہ کرسکی تومیرانام بدل دینا، میں یقینا بہکا ہوا نہیں تھا، میں ہوش و حواس میں تھا جادو ٹونے کا شکار نہیں تھا، اس کے بعد کیا ہوا،جتنے منہ اتنی زبانیں ، نہ جانے لوگوں نے کیا کیا فقرے کسے، یہاں تک بات آئی کہ نام بدل لیں، سیاست اصل میں عوامی خدمات کا نام ہے، سیاست نام ہے لوگوں کے دکھ درد بانٹنے کا، سیاست نام ہے لوگوں کو سہولتیں مہیاکرنے ،مہنگائی ختم کرنیکا نام ہے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker