
اسلام آباد،وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ سانحہ سیالکوٹ نے ہمارا سر شرم سے جھکا دیا ہے، ملزمان کو قرار واقعی سزا یقینی بنائی جائے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ملک میں امن وامان کے حوالے سے اجلاس ہوا، جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ، وزیرداخلہ شیخ رشید،وزیراطلاعات فواد چودھری،مشیر قومی سلامتی معید یوسف،وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار و دیگر سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں ملک کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ شرکا نے سیالکوٹ میں سری لنکن شہری کے قتل پر شدید تشویش کااظہار کیا ۔ وزیراعظم عمران خان کو سیالکوٹ واقعہ پر بریفنگ دی گئی اور رپورٹ پیش کی گئی۔وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی کہ سانحہ سیالکوٹ نے ہمارا سر شرم سے جھکا دیا ہے، ملزمان کو قرار واقعی سزا یقینی بنائی جائے، آئندہ اس قسم کے واقعات کی روک تھام کے لیے جامع حکمت عملی بنائی جائے۔