
اسلام آباد،وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے سابق چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار کی مبینہ آڈیو کے معاملے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ آڈیو جھوٹی ہے،مریم نواز نے جعلی آڈیو اور ویڈیو بنانے کے لئے ٹیم تیار کررکھی ہے، جب بھی کیس چلتا ہے،ن لیگ عدالتوں پردبائو ڈالتی ہے۔
اسلام آباد وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ ثاقب نثارکی آڈیو جھوٹی ثابت ہوئی ہے، مریم نواز کا رویہ ہمیشہ منفی رہا ہے،ان کا مقصد جوڈیشری کودبائو میں لانا تھا، امید ہے عدلیہ اس دبائوکومسترد کرے گی ،اس معاملے کویہاں نہیں رکنا چاہیے اورسارے کردارسامنے آنے چاہئیں۔انہوں نے مزید کہا کہ مریم نوازنے جعلی ٹیپس، ویڈیوبنانے کے لیے ٹیم تیارکی ہوئی ہے،وہ شائد اپنی پارٹی کوقابومیں کرنے کے لیے ویڈیو بنواتی ہیں، جس طرح مریم نوازکررہی ہے میرا نہیں خیال کسی اورنے کبھی ایسا کیا ہو، ہم امید کرتے ہیں کہ یہ معاملہ منطقی انجام تک پہنچے گا۔وفاقی وزیر نے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ چینی کی قیمت بڑھتی ہے توشور مچ جاتا ہے لیکن قیمت کم ہوتوکوئی ہیڈ لائن نہیں بنتی ، چینی90سے95روپے کلو ہے جبکہ اگلے دنوں تک85روپے تک آجائے گی جبکہ ادرک کی قیمت میں بھی بہت کمی آئی ہے،مہنگائی کا زیادہ مسئلہ کراچی اورسندھ میں آرہا ہے اور سندھ حکومت نے ابھی تک گندم بھی ریلیزنہیں کی ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں پورے پاکستان سے زیادہ آٹا اورچینی کی قیمتیں ہیں ،کراچی میں 160 روپے تک کلوچینی مل رہی ہے، حیدرآباد میں بھی چینی100روپے مل رہی ہے، سندھ حکومت کوبھی سمجھانے کی کوشش ہونی چاہیے، سندھ میں اربن ایریازکے لوگ شدید مشکلات کا شکارہیں، سندھ حکومت آرام سے کہہ دیتی ہے کہ گندم چوری ہوگئی ہے، ہم ان چیزوں پرسنجیدگی سے غورکررہے ہیں، اگرہم کارروائی کریں گے توان کی چیخیں ساتوں آسمان تک جائیں گی اور پھر کہتے ہیں کہ جمہوریت خطرے میں آگئی ہے۔فواد چودھری کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن)کوہمارا شکریہ ادا کرنا چاہیے کہ پہلی بارنوازشریف کے بیٹے بھی ووٹ ڈال سکیں گے، ویسے بھی انہوں نے ملک توواپس آنا نہیں ہے۔انہوں نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ بارایسوسی ایشن کی وضاحتی پریس ریلیزآئین وقانون کے مطابق ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ کابینہ نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین(ای وی ایم) پر بین الوزارتی رابطہ کمیٹی قائم کر دی ہے ،قائم کی گئی کمیٹی کے سربراہ وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز ہوں گے، وفاقی وزیر اعظم سواتی، مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان اور اٹارنی جنرل خالد جاوید کمیٹی کے رکن ہونگے جبکہ کمیٹی الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور انٹرنیٹ ووٹنگ سے متعلق الیکشن کمیشن کی معاونت کریگی اور انٹرنیٹ ووٹنگ پر بھی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔