
اسلام آباد(آئی پی ایس ) چیئرمین سی ڈی اے کی ہدایت پر ممبر انجینئرنگ نے ہفتہ کے روز اعلی افسران کے ہمراہ آئی جے پی روڈ کا دورہ کیا اور آئی جے پی توسیع و کشادگی منصوبے پر جاری ترقیاتی کام کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔اس موقع پر ممبر انجینئرنگ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ کنٹریکٹرکی موبائلزئیشن آخری مراحل میں ہے جسکو جلد ہی مکمل کرلیا جائے گا۔اس کے علاوہ تین کنکریٹ بیڈ بھی مکمل ہوچکے ہیں جبکہ مرکزی شاہراہ کی کشادگی سمیت رابطہ سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے۔ انہیں بتایا گیا کہ این فائیو تا فقیر ایپی روڈ اور نالہ لئی تک مختلف مقامات پر ارتھ ورک سمیت دیگر ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں۔علاوہ ازیں منصوبے کی پائل ٹیسٹ کو بھی کامیابی سے مکمل کرلیا گیا جبکہ نالہ لئی کے پل کی پائل لوڈ لوڈنگ ٹیسٹ کا کام بھی مکمل کرلیا گیا ہے۔ اسی طرح نائنتھ ایونیو اور فقیر ایپی روڈ پر ٹیسٹ پائل اور گڈر کاسٹنگ کا کام بھی تیزی سے جاری ہے۔ممبر انجینئرنگ نے کنسلٹنٹ کی موجودہ کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور ہدایات جاری کی کیں کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے اور منصوبے کو مکمل کرکے جلد از جلد آپریشنل کیا جائے تاکہ شہریوں کو سفری سہولیات میسر ہوں۔مزیدبرآں شعبہ الیکٹریکل اینڈ میکینکل کو ہدایت جاری کرتے ہوئے ممبر انجینئرنگ نے کہا کہ جلد از جلد بجلی، پانی اور دیگر یوٹیلیٹی سروسز کی منتقلی کے کام کو مکمل کیا جائے۔انہوں نے انوائرمنٹ ونگ کو ہدایت کی منصوبے سے متاثر ہونے والے بڑے درختوں کی متبادل جگہوں پر منتقلی کا کام شروع کرے۔