اہم خبریںپاکستان

زبانی دعوؤں پر یقین نہیں رکھتے، عوام کو بدلا ہوا کشمیر دیں گے،تنویر الیاس

 مظفر آباد(آئی پی ایس )وزیراعظم پاکستان کے اعلان کردہ مجوزہ کشمیر ڈویلپمنٹ پیکیج کو حتمی شکل دینے کے لیے قائم کمیٹی کا اجلاس صدر تحریک انصاف آزادکشمیر وسربراہ کمیٹی سردار تنویر الیاس کی زیر صدارت مظفرآباد میں منعقد ہوا جس میں وزرا حکومت عبدالماجد خان،اظہر صادق،چوہدری رشید،اکمل سرگالہ،چوہدری علی شان اور چیف سیکرٹری،سیکرٹری پی این ڈی،سیکرٹری سیاحت و دیگر نے شرکت کی۔اجلاس میں آزاد کشمیر ڈویلپمنٹ پیکیج کا جائزہ لیاگیا اور آزاد کشمیر بھر میں روڈ نٹ ورک کو مربوط کر نے کے لیئے سب کمیٹی قائم کر دی گئی،کمیٹی کے کنوینئر وزیر منصوبہ بندی چوہدری رشید ہوں گے جبکہ ممبران میں وزیر شاہرات اظہر صادق وزیر زراعت سردار میر اکبر خان،وزیر خوراک چوہدری علی شان سونی،وزیر اطلاعات سردار فہیم اختر ربانی،مشیر حکومت چوہدری اکبر ابراہیم اور سیکرٹری ورکس غلام بشیرمغل شامل ہیں، سب کمیٹی ایک ہفتے بعد اگلے اجلاس میں جائزہ رپورٹ پیش کرے گی، اجلاس میں طے کیا گیا کہ آزاد کشمیر بھر کے تمام اضلاع میں روڑ انفراسٹرکچر کے مستحکم پلان کو ترجیعی بنیادوں پر پیکیج کا حصہ بنایا جائے گا جس سے دور افتادہ عوامی اور سیاحتی مقامات تک آسان رسائی بھی ممکن ہو سکے گی، آئندہ اجلاس میں اہم منصوبوں کو حتمی شکل دی جائے گی،جس کے بعد مجوزہ کشمیر ڈویلپمنٹ پیکیج کی سفارشات وتجاویز وزیراعظم پاکستان کو بھی ارسال کی جائیں گی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سر براہ کمیٹی سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ زبانی دعوؤں پر یقین نہیں رکھتے، آزاد کشمیر کے عوام کو زبانی نہیں عملی طور پر بدلا ہوا کشمیر دیں گے، وزیر اعظم عمران خان نے آزاد کشمیر کی عوام کے لئے جس دریا دلی کا مظاہرہ کر کے پانچ سو ارب کا پیکیج دینے کا اعلان کیا ہے ،پوری کشمیری قوم اس پر ان کی شکر گزار ہے،پی ٹی آئی آزاد کشمیر حکومت کی پوری ٹیم عمران خان کے اعتماد پر پورا اتر تے ہوئے تاریخ ساز کام کرے گی،عام انتخابات میں عوام نے پی ٹی آئی کو جن توقعات کی بنیاد پر ووٹ دیا تھا اس پر پورا اتریں گے،انہوں نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام کے معیار زندگی بلند کرنے کے لیئے سٹیٹ آف دی آرٹ منصوبے شروع کیئے جائیں کے جو طویل المدتی ہوں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker