
اسلام آباد(آئی پی ایس )اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان ایک جمہوری ملک ہے اور آئین پاکستان تمام شہری کے بنیادی حقوق کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے.انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتیوں کو مساوی حقوق حاصل ہیں اور اقلیتں پاکستان میں اپنے آپ کو محفوظ سمجھتی ہیں.ان خیالات کا اظہار اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے جمعرات کے روز یورپی یونین کے وفد برائے جنوبی ایشیا تعلقات سے پارلیمنٹ ہاس میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان یورپین یونین اور اس کے ممبر ممالک کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے پاکستان اور یورپین یونین کے مابین مختلف شعبوں میں ہونے والی پیشرفت قابل ستائش ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں میڈیا کو مکمل آزادی حاصل ہے لیکن اظہار رائے کی اڑ میں مقدس ہستیوں کی شان میں گستاخی ایک گھنانا فعل ہے جس کو کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ مغرب میں اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحانات قابل تشویش ہیں جس کا سدباب ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں کسی کو بھی اجازتِ نہیں کہ وہ کسی کے مذہب کے خلاف بات کر سکے۔انہوں نے کہا کہ خاتم النبیین حضور کی شان میں گستاخی سے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوتے ہیں۔اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان یورپین یونین کے ساتھ ماحول، موسمیاتی تبدیلیوں اور پائیدار ترقی کے اہداف سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کا خواہشمند ہے اور پاکستان یورپین یونین کے ساتھ پارلیمانی رابطوں کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ یورپین یونین پاکستان میں سرمایہ کاری اور تجارت کے شعبوں میں ایک بڑا شراکت دار ہے اور یورپین یونین کی جی ایس پی پلیس کی سہولت پاکستان کے لئے انتہائی مفید ثابت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ جی ایس پی پلس نے دونوں فریقین کے مابین تجارت کو وسعت دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔اسپیکر نے کہا کہ پاکستان اپنے تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ خوشگوار تعلقات چاہتا ہے اور پاکستان خطے میں پائیدار امن اور ترقی کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی ترقی اور خوشحالی کیلئے امن کا فروغ ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن اور خوشحالی کے لیے مسئلہ کشمیر کا سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری مقبوضہ جموں کشمیر میں بھارتی افواج کی جانب سے کی جانے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر یوریین یونین کی جانب پاکستانی موقف کی تائید اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف آواز اٹھانے پر یورپین یونین کے مشکور ہیں۔یورپین یونین وفد برائے جنوبی ایشیا کے وفد کے سربراہ نے کہا کہ یورپین یونین پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کا کردار قابل ستائش ہے۔انہوں نے کہا پارلیمانی رابطے پاکستان اور یورپین یونین کے مابین تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔